سال 2025 کی 5ویں اور آخری قومی پولیو مہم کا آج سے ملک بھر میں باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
جس کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق یہ مہم 15 دسمبر سے 21 دسمبر تک جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: انسداد پولیو ویکسینیشن مہم: آصفہ بھٹو نے والدین سے اہم اپیل کردی
این ای او سی کے مطابق پنجاب میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد، سندھ میں 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد، خیبر پختونخوا میں 72 لاکھ سے زائد اور بلوچستان میں 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
نیشنل ای او سی نے بتایا کہ رواں سال اب تک ملک میں 30 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جو اس مہلک مرض کے خلاف حفاظتی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
مزید پڑھیں: ’پاکستان سے جلد پولیو کا خاتمہ ممکن‘ وزیراعظم کا پولیو ورکرز کو خراجِ تحسین
ادارے نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ورکرز کے لیے اپنے گھروں کے دروازے کھولیں اور اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے 2 قطرے لازمی پلوائیں۔
این ای او سی کا مزید کہنا ہے کہ پیدائش سے 15 ماہ تک کے تمام بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کا کورس بروقت مکمل کرانا نہایت ضروری ہے تاکہ بچوں کو پولیو سمیت دیگر خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔














