وفاقی وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ دہشتگرد تنظیمیں سوشل میڈیا کا استعمال کر رہی ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کے کچھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے دشمن ممالک سے آپریٹ ہو رہے ہیں، ایسے عناصر باز آ جائیں ورنہ قانونی کارروائی کی جائےگی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال کے حق میں ہے لیکن یہ آزادی آئین میں دی گئی شرائط سے مشروط ہے، دنیا بھر میں سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق شرائط ہیں۔
ٹرینڈز بنانے والوں میں ایسے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں جو ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کی کارروائیوں پر بھی ٹرینڈز بنانے میں ملوث رہے ہیں۔ یہ ساری سرگرمیاں اسی سوشل میڈیا پر موجود ہیں اور یہی پلیٹ فارمز استعمال کیے جا رہے ہیں۔ طلال چوہدری نے ثبوت سامنے رکھ دیے۔ pic.twitter.com/YszF9hknTQ
— WE News (@WENewsPk) December 15, 2025
یہ بھی پڑھیے: ُپی ٹی آئی لیڈرز بمقابلہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم، کون جیتے گا؟
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کافی عرصے سے سوشل میڈیا کو منتخب بیانیوں کی ترویج کے لیے استعمال کرر رہی ہے، وہ ایسے ہیش ٹیگز اور ٹرینڈز استعمال کرتے ہیں جو اصل نہیں ہیں بلکہ پیسے دے کر خریدے جاتے ہیں، پی ٹی آئی کے بعض اکاؤنٹس دشمن ممالک سے آپریٹ ہوتے ہیں۔
وزیر مملکت نے دعویٰ کیا کہ ایک اکاؤنٹ دن میں 500 دفعہ میسج کرتا ہے اور ایک میسج یا ٹوئٹ کی قیمت ادا کی جاتی ہے، واٹس ایپ گروپس بناکر پھر ختم کردیے جاتے ہیں تاکہ پتا نہ چلے، اکاؤنٹس کے نام بھی تبدیل کیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا مہم میں پی ٹی آئی کے ملوث ہونے کے ہوشربا انکشافات
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے زیادہ تر اکاؤنٹس فیک ہیں، ان کو سپورٹ کرنے والی ایسی بیرون ملک کمپنیاں بھی ہیں جو کبھی ٹی ٹی پی اور کبھی اسرائیل کے لیے ٹرینڈز بناتی ہیں۔
انہوں نے ایسے عناصر کو انتباہ کیا کہ وہ قانون کی گرفت میں آنے سے پہلے ہی ایسے کاموں سے گریز کریں، اس میں عام لوگ ملوث نہیں بلکہ اس میں کمپنیاں اور پیسوں کا میکنزم ہے، یہ جہاں سے آپریٹ ہورہے ہیں ان کو بھی لکھ کر بھیجیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے سڈنی میں ہونے والے واقعے سے متعلق معلومات نہیں ہیں، وزارت خارجہ اس پر بات کرے گی البتہ دہشتگردی جہاں بھی ہو ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں، پاکستان دہشتگردی کے خلاف اولین صف پر رہا ہے۔














