وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے دانش یونیورسٹی کی عمارت کو سادہ اور پر وقار طرز پر تعمیر کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین اور اراکین کو خوش آمدید کہا۔
مزید پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈز سے بننے والی دانش یونیورسٹی دنیا کی بہترین جامعات سے کم نہ ہوگی، وزیراعظم
وزیراعظم نے کہاکہ آپ کی کاوشیں علم کی روشنی پھیلانے میں اہم کردار ادا کریں گی، دانش یونیورسٹی ٹیکنالوجی اور جدید علوم کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ دانش یونیورسٹی میں اعلیٰ معیار کی ریسرچ اور فیکلٹی کو تعینات کرنے کے لیے حکمت عملی بنائی جائے، جامعہ کی تعمیر کے حوالے سے اچھی شہرت اور متعلقہ تجربہ رکھنے والے کنٹریکٹرز کو پری کوالیفائی کیا جائے۔
وزیراعظم نے دانش یونیورسٹی میں داخلے کے حوالے سے ملک بھر کے دور دراز کے علاقوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے لائق اور مستحق طلبا کو موقع دینے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے سرکاری اسکولوں میں دانش یونیورسٹی کے حوالے سے آگہی پھیلانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو دانش یونیورسٹی کے حوالےسے جاری کام پر بریفنگ دی گئی، اور بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔
حکام نے بتایا کہ دانش یونیورسٹی کا چارٹر وزارت قانون و انصاف سے منظور ہو چکا ہے، اور منظوری کے لیے کابینہ اور پارلیمنٹ کو بھیجا جائے گا۔
حکام کے مطابق دانش یونیورسٹی کے حوالے سے ملک بھر میں آؤٹ ریچ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، جامعہ میں ابتدائی طور پر عصری تقاضوں سے ہم اہنگ سینٹر آف ایکسیلینس قائم کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: فرحت اللہ بابر نے 190 ملین پاؤنڈ کی ضبط کردہ رقم سے یونیورسٹی بنانے کے فیصلے کی مخالفت کردی
حکام نے بتایا کہ ملک بھر کے مستحق طلبہ کے لیے دانش یونیورسٹی میں داخلے کے حوالے سے ٹریننگ کیمپس شروع کیے جائیں گے، یونیورسٹی کے اکیڈمک ویژن کے حوالے سے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین تعلیم سے رابطہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیر وفاقی تعلیم و فنی تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، احد چیمہ اور دانش یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین، اراکین اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔













