موسم اور زمینی حقائق کے باعث انتخابات ملتوی ہوسکتے ہیں، سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان

منگل 16 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کے سابق وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما حافظ حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ موسم اور زمینی حقائق کے باعث گلگت بلتستان میں عام انتخابات جنوری یا فروری میں ممکن نظر نہیں آتے اور امکان ہے کہ پولنگ مئی کے وسط سے جون کے اوائل کے درمیان کرائی جائے۔

وی نیوز کے پروگرام ’صحافت اور سیاست‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتیں آئندہ انتخابی تاریخ پر مشاورت کریں گی اور غالب امکان ہے کہ موجودہ شیڈول مؤخر کردیا جائے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں عام انتخابات کب ہوں گے؟ الیکشن کمیشن نے تاریخ کا اعلان کر دیا

حافظ حفیظ الرحمان نے کہاکہ گلگت بلتستان میں سردیوں کے دوران شدید موسم اور بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے باعث انتخابات کرانا عملی طور پر مشکل ہوتا ہے۔

ان کے مطابق 24 نومبر کو اسمبلی کی مدت مکمل ہونے پر قانونی تقاضوں کے تحت صدرِ پاکستان کو انتخابی شیڈول بھیجا گیا، تاہم زمینی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی تاریخ طے کی جائے گی۔

سابق وزیرِ اعلیٰ نے 2020 کے انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیاکہ اس وقت انتخابات کو سیاسی وجوہات کی بنیاد پر غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر کیا گیا تاکہ پاکستان تحریک انصاف کو انتخابی تیاری کا موقع دیا جا سکے۔

’جبر کے ذریعے مسلم لیگ ن کو توڑنے کی کوشش کی گئی‘

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی دو تہائی اکثریت کے باوجود جماعت کو توڑنے کی کوششیں کی گئیں اور ریاستی دباؤ کے ذریعے ارکان کو دوسری جماعت میں شامل کرایا گیا۔ ان الزامات کے باوجود پی ٹی آئی اور متعلقہ اداروں کی جانب سے فوری ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

حافظ حفیظ الرحمان نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں اپنی 2015 سے 2020 تک کی کارکردگی کی بنیاد پر میدان میں اترے گی۔

ان کے مطابق اس دور میں گلگت بلتستان میں انفراسٹرکچر، امن و امان اور ترقی کے نمایاں منصوبے مکمل کیے گئے، جبکہ بعد ازاں ترقی کا عمل سست پڑ گیا۔

’آئندہ کے وزیراعلیٰ کا فیصلہ پارٹی قیادت کرےگی‘

انہوں نے کہاکہ پارٹی قیادت کا فیصلہ ہوگا کہ آئندہ وزیراعلیٰ کون ہوگا اور وہ بطور کارکن ہر فیصلے کو قبول کریں گے۔

پارٹی میں اندرونی اختلافات کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان میں متحد ہے اور چند افراد کی جانب سے کی گئی نافرمانی پر تنظیمی کارروائی مکمل ہو چکی ہے۔ ان کے بقول یہ معاملہ اب ختم ہو چکا ہے۔

نواز شریف سے حالیہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے حافظ حفیظ الرحمان نے بتایا کہ اس اجلاس میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی و انتظامی صورتحال، آئندہ انتخابات اور گورننس کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ان کے مطابق پارٹی قیادت نے ان علاقوں کے لیے اصلاحاتی ایجنڈا تیار کرنے، ٹاسک فورسز بنانے اور پنجاب حکومت کے ترقیاتی ماڈل کو وہاں نافذ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

’آزاد کشمیر اور جی بی ٹیکس دینے کے باوجود ترقیاتی وسائل سے محروم ہیں‘

انہوں نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں حصہ نہ ملنے کو ایک بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ علاقے ٹیکس دیتے ہیں مگر ترقیاتی وسائل سے محروم ہیں۔

ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اس معاملے پر واضح مؤقف اپنایا ہے کہ ان علاقوں کو خیرات نہیں بلکہ آئینی حق دیا جانا چاہیے، تاہم اس پر صوبوں کے درمیان اتفاقِ رائے کی کمی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔

گلگت بلتستان کے آئینی مستقبل سے متعلق سوال پر حافظ حفیظ الرحمان نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے باعث یہ معاملہ خارجہ پالیسی سے جڑا ہوا ہے، تاہم سرتاج عزیز کی سربراہی میں بننے والے کمیشن نے ایک عبوری آئینی حل تجویز کیا تھا جس پر نواز شریف کی نااہلی کے بعد پیش رفت نہ ہو سکی۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو این ایف سی میں حصہ ملنا چاہیے، نواز شریف

سابق وزیرِ اعلیٰ نے کہاکہ موجودہ سیاسی تقسیم کے باعث قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنا مشکل دکھائی دیتا ہے، تاہم ان کے نزدیک فوری ضرورت مالی وسائل کی فراہمی ہے تاکہ گلگت بلتستان میں سماجی و معاشی ترقی ممکن بنائی جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

’ویلنٹائن ڈے کو اپنی اقدار کے مطابق منا کر نکاح کو آسان بنانا ہوگا‘

عمران خان کی صحت کے معاملے پر کسی کو سیاست نہیں کرنے دوں گا، سہیل آفریدی نے واضح کردیا

پاک بھارت میچ سے قبل بابر اعظم کا جونیئر کھلاڑیوں کو اہم مشورہ

اپوزیشن احتجاج جاری، اراکین کو پارلیمنٹ کے اندر محبوس رکھا گیا ہے، تحریک تحفظ آئین کا الزام

ایپسٹین اسکینڈل کی گونج برطانیہ تک، سابق سفیر مینڈلسن سے جواب طلب

ویڈیو

’ویلنٹائن ڈے کو اپنی اقدار کے مطابق منا کر نکاح کو آسان بنانا ہوگا‘

عمران خان کی بینائی 85 فیصد ضائع، اس کا ذمے دار کون؟

پاکستان-انڈیا ٹی20: خواتین شائقین کی قومی ٹیم سےامیدیں

کالم / تجزیہ

بنگلہ دیش کے عام انتخابات، ’جین زی‘ اور جماعت اسلامی

بنگلہ دیش الیکشن: کون، کیسے اور کیوں جیتا؟

محمود اچکزئی صاحب کا مسئلہ کیا ہے؟