بھارتی میڈیا نے بالآخر تسلیم کر لیا ہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈی بیچ پر پیش آنے والے حملے میں ملوث شخص ساجد اکرم بھارتی شہریت رکھتا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ساجد اکرم 1998 میں بھارت کے شہر حیدرآباد سے آسٹریلیا منتقل ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: سڈنی واقعہ: آسٹریلوی ایجنسیوں نے تحقیقات کے لیے بھارت سے رابطہ کرلیا
بھارتی سیکیورٹی اداروں سے منسلک ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ساجد اکرم کا تعلق بھارتی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سے تھا۔
رپورٹس میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ اس کا بیٹا نوید اکرم آسٹریلیا ہی میں پیدا ہوا۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل سڈنی کے معروف بونڈی بیچ پر فائرنگ کے ایک ہولناک واقعے میں حملہ آور سمیت 16 افراد ہلاک اور 40 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔
واقعے کے فوراً بعد اسرائیلی میڈیا نے پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا شروع کیا، جس کے بعد بھارتی میڈیا نے بھی بغیر تصدیق حملہ آور کو پاکستانی قرار دے دیا تھا۔
تاہم بعد میں بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے حملہ آور کے بھارتی پس منظر کی نشاندہی کی، جس پر بھارتی میڈیا کو اپنی خبریں درست کرنا پڑیں۔ اس طرح یہ حقیقت سامنے آ گئی کہ مرکزی حملہ آور ساجد اکرم بھارتی نژاد تھا جبکہ اس کا بیٹا آسٹریلیا میں پیدا ہوا۔
مزید پڑھیں: سڈنی میں حملہ آور کو روکنے والے احمد پر انعامات کی بارش
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ساجد اکرم 1998 میں طالب علم ویزے پر آسٹریلیا پہنچا تھا اور بعد ازاں 2001 میں اسے پارٹنر ویزا جاری کیا گیا۔
دوسری جانب آسٹریلوی حکام نے واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے بھارتی انٹیلی جنس اداروں سے رابطہ کر لیا ہے۔














