جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) نے بھارت میں مسلمان خاتون کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کی مذمت کی ہے۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے خاتون کا نقاب کھیچنا بنیادی انسانی حقوق اور مشرقی اقدار کی توہین ہے۔
انہوں نے کہاکہ انڈیا میں مسلمانوں کے ساتھ تسلسل سے غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے، وزیر اعلیٰ نے خاتون کا نقاب کھینچ کر پست ذہنیت کا ثبوت دیا ہے۔
اسلم غوری نے کہاکہ جانوروں کے حقوق پر واویلا مچانے والے مغرب کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔
انہوں ںے کہاکہ افغانستان میں خواتین کو نقاب کا پابند کرنے پر پوری دنیا شور مچاتی ہے، لیکن بھارت میں اس دلخراش واقعے کی خاموشی پر دنیا کی خاموشی انصاف کے خلاف ہے۔
اسلم غوری نے مزید کہاکہ اس واقعہ سے بھارت کے جمہوری اور سیکولر چہرے سے جھوٹا نقاب اتر گیا ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت میں مسلم خاتون کا نقاب نوچنے کے واقعے پر سینیٹر مشتاق احمد کا ردعمل
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ایک تقریب کے دوران مسلمان خاتون کا نقاب کھینچ لیا تھا، جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔













