ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے مشال خان کی بہن نے اپنی ڈگری بھائی کے نام کر دی

بدھ 24 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مردان عبد الولی خان یونیورسٹی میں متشعل ہجوم کے ہاتھوں توہین مذہب کے الزام میں قتل ہونے والے مشال خان کی بہن ستوریہ خان نے بفیلو میں نیو یارک کی اسٹیٹ یونیورسٹی سے گریجویشن کرلی۔

ستوریہ خان نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ٹوئیٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ میں نے بائیو میڈیکل انجئینرنگ میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے گریجویشن ڈگری کے ساتھ ساتھ ’سٹوڈنٹس انگیجمنٹ ایمبیسیڈرز انٹرن شپ‘ اور ’ پیئر مینٹر شپ ‘ بھی مکمل کر لی ہے۔

مشال خان کی بہن ستوریہ خان نے کہا کہ میں اپنی یہ ڈگری مشال خان شہید کے نام کرتی ہوں۔

ڈگری حاصل کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے لیے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ صارفین نے اتنی بڑی کامیابی پر انہیں سراہا۔

ملالہ یوسفزئی کے والد ضیاء الدین یوسفزئی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آئیں! ہم مشال خان شہید کی بہن ستوریہ کی کامیابی کا جشن منائیں جس نے مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے سٹیٹ یونیورسٹی آف بفیلو سے بائیو میڈیکل انجیئرنگ میں ڈگری حاصل کر لی۔

ان  کا مزید کہنا تھا کہ ستوریہ کی تعلیم کے لیے لگن تمام لوگوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی مشال خان اور تعلیم کے حق کے لیے لڑنے والی تمام افغان لڑکیوں کے نام کی ہے۔

عروج  نامی صارف نے لکھا کہ یہ مشال خان کے قاتلوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ تم صرف ایک قاتل اور مجرم ہی بن سکتے ہو، لیکن جن لوگوں کو قتل کیا ان کے لیے روشنی کے دروازے بند نہیں کر سکتے۔ آج اس کے گھر میں بڑھتی ہوئی روشنی دیکھو۔

طیبہ کاکڑ کہتی ہیں کہ جھوٹے الزامات کی وجہ سے سٹوریہ نے اپنا بھائی کھو دیا، اور اس کے جواب میں اس نے اپنے قلم کا استعمال کیا اور آج وہ دفاع کی علامت کے طور پر کھڑی ہیں۔

زار علی خان آفریدی نے کہا کہ تعلیم بہترین انتقام ہے، انہوں نے تعلیم میں مدد کرنے پر ملالہ یوسفزئی اور ان کے والد ضیاء الدین یوسفزئی کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مشال خان 2017 میں آزادی اظہار رائے کا حق استعمال کرنے پر شہید کر دیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ سنہ 2017 میں مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں شعبہ ابلاغیات کے طالبعلم مشال خان کو ایک مشتعل ہجوم نے توہین مذہب کے الزام میں انتہائی تشدد کے بعد قتل کر دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp