وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے مئی کی جنگ میں دشمن ملک بھارت کو جو سبق سکھایا وہ مودی سرکار کبھی نہیں بھولے گی۔
ہری پور یونیورسٹی کے طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ صوبے میں مزید لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے جائیں گے۔ خیبرپختونخوا کے عوام غیور اور بہادر ہیں، جنہوں نے ملک کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔
مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کو پاک بھارت جنگ میں نہ کودنے کا مشورہ دینے والا کون تھا؟
انہوں نے کہاکہ پاک افواج نے دلی سے لے کر ممبئی تک دشمن کو سبق سکھایا، ملک کی ترقی اتحاد سے ہی ممکن ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ملک کے ہونہار طلبا و طالبات میں 6 لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کیے گئے، اب اے آئی کی جدید ٹریننگ کے لیے ملک بھر سے طلبہ کو یورپ بھجوایا جائےگا۔
وزیراعظم نے کہاکہ اب ہم نے ملک کو معاشی طور پر اوپر لے کر جانا ہے، لیکن یہ جادو ٹونے سے نہیں ہوگا، اس کے لیے محنت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ چاروں صوبے مل کر محنت کریں گے تو ملک ترقی کرےگا۔ پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا، اب گروتھ لے کر آنی ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کی ترقی کی کنجی نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے، اور یہی قوم کے معمار ہیں۔ لیپ ٹاپ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم اور ٹیکنالوجی سے جوڑنے کا عملی ثبوت ہے۔
انہوں نے کہاکہ والدین اور اساتذہ کی محنت کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہیں تھیں، تعلیم، مہارت اور ٹیکنالوجی نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
مزید پڑھیں: جنگی شکست بھارت کے اعصاب پر سوار، پاکستانی طیاروں سے متعلق نیا دعویٰ کر دیا
انہوں نے کہاکہ محنت، امانت، دیانت اور اتحاد ہی پاکستان کی عظمت کی بنیاد ہیں، بھائی چارہ، اتفاق اور اتحاد ہی ہماری کامیابی کا واحد راستہ ہے۔













