ریاض میں انڈونیشیا کے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز احمد نے کہا ہے کہ انڈونیشیا اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی تعلقات گزشتہ پانچ برسوں کے دوران مثبت سمت میں آگے بڑھے ہیں اور دوطرفہ تجارت میں سالانہ اوسطاً 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مستقبل میں اس تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان کن شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری ہو رہی ہے؟
ریاض کے ڈپلومیٹک کوارٹر میں واقع کلچرل پیلس میں منعقدہ انڈونیشین ٹریڈ اینڈ کلچرل پروموشن 2025 فورم کے افتتاحی خطاب میں انڈونیشی سفیر نے بتایا کہ گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان مجموعی تجارت کا حجم 6.6 بلین ڈالر تک پہنچ گیا، جس میں انڈونیشیا کی سعودی عرب کو برآمدات 2.6 بلین ڈالر جبکہ سعودی عرب سے انڈونیشیا کی درآمدات 4 بلین ڈالر سے زیادہ رہیں۔

ڈاکٹر عبدالعزیز احمد نے کہا کہ انڈونیشیا ایشیا کی متحرک ترین معیشتوں میں سے ایک ہے، جہاں 280 ملین سے زائد آبادی موجود ہے اور ملک پائیدار اور جامع معاشی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فورم کے ذریعے انڈونیشیا کی مختلف شعبوں میں موجود صلاحیتوں اور ثقافتی ورثے کا ایک حصہ پیش کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک سعودی تجارتی حجم 723 ملین ڈالرز تک پہنچ چکا ہے، پاکستانی سفیر احمد فاروق
ان کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں متعدد انڈونیشی کمپنیاں اور سعودی کاروباری ادارے شریک ہیں جو انڈونیشی مصنوعات درآمد کرتے ہیں۔ فورم کا مقصد سعودی مارکیٹ میں انڈونیشی مصنوعات اور خدمات کو متعارف کرانا ہے، جن میں خوراک اور مشروبات، تعمیرات، فیشن، ذاتی نگہداشت اور اسٹریٹجک صنعتیں شامل ہیں۔
سفیر نے بتایا کہ افتتاحی تقریب کے بعد ایک بزنس فورم بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں 2 انڈونیشی کمپنیاں اپنی مصنوعات اور خدمات کی تفصیلی نمائش کریں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ انڈونیشیا کی ثقافت کو فیشن شو، روایتی رقص، موسیقی اور روایتی اسنیکس کے ذریعے بھی پیش کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب: جنگ کی بو میں، امن کی خوشبو
انڈونیشی سفیر نے امید ظاہر کی کہ یہ فورم سعودی مارکیٹ میں انڈونیشی مصنوعات کی موجودگی کو مزید مضبوط کرے گا اور دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے درمیان روابط کو فروغ دے گا۔
انڈونیشی سفارتخانے کے مطابق یہ تقریب جمعرات کو بھی جاری رہے گی، عوام کے لیے کھلی ہے اور اس میں داخلہ مفت رکھا گیا ہے۔ انڈونیشی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن سوگیری سپروان نے کہا کہ دو روزہ تقریب میں تجارتی نمائش، ثقافتی پرفارمنس اور انڈونیشی کھانوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔














