اسلام آباد پولیس اور انٹیلی جنس اداروں نے مشترکہ اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک افغان شہری حارث کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم امریکی سفارت خانے کا جعلی کارڈ استعمال کرکے خود کو سفارتی اہلکار ظاہر کرتا تھا اور اسی شناخت کی آڑ میں مختلف فراڈ سرگرمیوں میں ملوث تھا۔
گرفتار ملزم کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے تفصیلی پوچھ گچھ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد پولیس کے اہلکار کو قتل کرنے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک، 2 ساتھی گرفتار
رپورٹس کے مطابق ملزم 2 خواتین کے ہمراہ اپنی گاڑی میں گیٹ نمبر 2 کے راستے ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہوا، تاہم سیکیورٹی ادارے پہلے ہی اس کی نشاندہی کر چکے تھے۔ گرفتار افغان شہری فراڈ کے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے امریکی سفارت خانے سے منسوب ایک جعلی کارڈ بھی برآمد ہوا۔ پولیس نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کے تعاون سے فوری اقدام کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔














