وفاقی آئینی عدالت میں سینئر اینکر پرسن ارشد شریف قتل کیس کی سماعت کے دوران حکومت کی جانب سے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات سے متعلق اب تک کی تفصیلی پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد شریف قتل کیس: اسکاٹ لینڈیارڈ نے نوازشریف، مریم نواز کیخلاف تحقیقات بندکر دیں
بدھ کے روز وفاقی آئینی عدالت کے 3 رکنی بینچ نے ارشد شریف قتل کیس کی سماعت کی۔عدالت کو بتایا گیا کہ رپورٹ میں حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی مکمل تفصیلات شامل ہیں جبکہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی تحقیقات سے متعلق امور بھی رپورٹ کا حصہ ہیں۔

اس کے علاوہ رپورٹ میں آئندہ کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی کو صرف کینیا جا کر شواہد اکٹھے کرنا ہیں اور موقع کا جائزہ لینے کے بعد تحقیقات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد شریف قتل کیس میں چیف جسٹس سماعت سے اٹھ کر کیوں گئے؟
انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کے کینیا میں شواہد جمع کرنے کے بعد رپورٹ مکمل کر لی جائے گی۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت سردیوں کی عدالتی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ سماعت کے موقع پر حکومت کو پیش رفت رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی جس پر اب عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔














