امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے صاحبزادے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے معروف ماڈل اور کاروباری شخصیت بیٹینا اینڈرسن سے منگنی کرلی۔
ٹرمپ جونیئر کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شادی کی پیشکش گزشتہ ہفتے کے اختتام پر کی گئی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کی شب وائٹ ہاؤس میں منعقدہ تعطیلاتی تقریب کے دوران اس منگنی کا باضابطہ اعلان کیا جس کے بعد یہ خبر عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ یہ تعلق گزشتہ انتخابی مہم کے دوران بھی خبروں اور قیاس آرائیوں کی زد میں رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ’چہرہ خوبصورت اور ہونٹ مشین گن جیسے‘، ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی پریس سیکرٹری کی منفرد انداز میں تعریف
ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اس سے قبل وینیسا ٹرمپ سے شادی کر چکے ہیں۔ دونوں کی شادی 2005 میں مار-اے-لاگو میں ہوئی تھی تاہم 2018 میں ان کے درمیان طلاق ہو گئی۔ بعد ازاں ٹرمپ جونیئر کی کمبرلی گلفوائل سے منگنی ہوئی جو فاکس نیوز کی سابق میزبان اور ٹرمپ کی 2020 کی صدارتی مہم میں فنانس چیئر رہ چکی ہیں۔ کمبرلی گلفوائل اس وقت یونان میں امریکا کی سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
ٹرمپ جونیئر اور بیٹینا اینڈرسن حالیہ مہینوں میں متعدد مواقع پر ایک ساتھ نظر آئے جن میں ٹرمپ خاندان کے ہمراہ اسکاٹ لینڈ کا دورہ بھی شامل ہے جہاں انہوں نے ایک نئے ٹرمپ گالف کورس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ نے مزید 7 ممالک پر مکمل سفری پابندی عائد کر دی، شام بھی شامل
منگنی کے اعلان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی جس میں ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے بیٹینا اینڈرسن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ایک لفظ ’ہاں‘ کے لیے شکر گزار ہیں۔ ٹرمپ جونیئر کے ترجمان کے مطابق منگنی حال ہی میں نجی طور پر انجام پائی جس کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔














