پاکستان نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے داعش خراسان سے وابستہ اعلیٰ سطح کے دہشتگرد خارجی سلطان عزیز عزام کو گرفتار کر لیا ہے۔ وہ داعش خراسان کے ترجمان ہونے کے ساتھ ساتھ تنظیم کے میڈیا ونگ کے بانی بھی تھے۔
یہ بھی پڑھیے: سی آئی اے کی معلومات پر کابل دھماکے کا ماسٹر مائنڈ شریف اللہ گرفتار
اقوام متحدہ کی اینالیٹیکل سپورٹ اینڈ سینکشنز مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ کے مطابق اس کارروائی میں سلطان عزیز عزام کو پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نے حراست میں لیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ العزام فاؤنڈیشن، جس کی سربراہی سلطان عزیز عزام کے پاس تھی، داعش خراسان کے لیے بھرتیوں اور پراپیگنڈا سرگرمیوں کا مرکزی ذریعہ سمجھی جاتی تھی۔
رپورٹ کے مطابق سلطان عزیز عزام کی گرفتاری کے بعد داعش خراسان کی میڈیا سرگرمیاں عملی طور پر معطل ہو چکی ہیں۔
اقوام متحدہ کی ٹیم نے کہا ہے کہ پاکستان کی اس کارروائی سے داعش خراسان کے تنظیمی ڈھانچے کو عالمی سطح پر شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد مجوزہ حملے ناکام بنا دیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: شیخ ہیبت اللہ اخوندزادہ کی حکمتِ عملی القاعدہ اور داعش سے مشابہ،امریکی جریدے کا دعویٰ
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کے باعث تنظیم کے اہم کمانڈرز اور نظریاتی رہنماؤں کو ہلاک کیا جا چکا ہے، جبکہ داعش خراسان کے جنگجوؤں کی مجموعی تعداد میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔














