لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو جی او آر گیٹ حملہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور محمود الرشید کو 10،10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی، جبکہ سابق وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کو بری کردیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے اشتہاری قرار دیے گئے 4 ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر یاسمین راشد نے 9 مئی کے 3 مقدمات میں سزاؤں کیخلاف اپیل دائرکردی
عدالت نے مجموعی طور پر 13 ملزمان کو سزا سنائی جبکہ 8 ملزمان کو مقدمے سے بری کیا۔ اشتہاری قرار پانے والوں میں فاروق انجم، حبیب احمد، ارسلان اور اکبر خان شامل ہیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گِل نے کوٹ لکھپت جیل میں فیصلہ پڑھ کر سنایا۔
گزشتہ روز عدالت نے مقدمے کی سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ مقدمے میں پراسیکیوشن کے کل 56 گواہوں نے بیانات قلمبند کرائے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز، اعجاز چوہدری، محمود الرشید سمیت 25 ملزمان مقدمے میں نامزد تھے جن کا چالان عدالت کے روبرو پیش کیا گیا تھا۔
تھانہ ریس کورس نے کلب چوک جی او آر گیٹ پر حملے کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ اور ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے کلب چوک جی او آر گیٹ کے سیکیورٹی کیمرے توڑے، پولیس کی وائرلیس اور جی او آر گیٹ کے شیشے بھی توڑے۔ ملزمان نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کون کون سے ارکان قومی اسمبلی گرفتار ہوئے؟
پی ٹی آئی رہنماؤں پر کارکنان کو 9 مئی کی بغاوت اور فسادات پر اکسانے کا الزام ہے۔ عدالت کے مطابق جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزمان کو ایک سال مزید سزا کاٹنا ہوگی۔












