جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع طاقتور ہونے پر مجھے اطمینان ہے، اور ہم ہندوستان کی ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
جھنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان نے بہادری کے ساتھ بھارت کی جارحیت کا جواب دیا۔ نریندر مودی ہندوستان میں مسلمانوں کے لیے خطرہ سمجھے جاتے ہیں، اور انہیں پاکستان دشمن کے طور پر جانا جاتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ مودی حکومت کے دوران باپردہ خواتین کے حجاب کو بھی نشانہ بنایا گیا، اور ہندوتوا کے نام پر سیاست کرنے کی وجہ سے ایسے عناصر جنم لیتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی بڑی اپوزیشن جماعت ہے جو اپنی حکمت عملی مرتب کرتی ہے، تاہم حقیقت یہ ہے کہ پوری اپوزیشن ایک مشترکہ صف میں نہیں آرہی۔
انہوں نے کہاکہ پہلے ایجنڈے پر اتفاق ہونا چاہیے اور اس کے بعد ہی آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے، تاکہ متنازع ایجنڈے کی وجہ سے کانفرنس متاثر یا سبوتاژ نہ ہو۔
مزید پڑھیں: عمران خان جیل میں کیوں ہیں؟ سیاستدان کی گرفتاری اور ملاقات پر پابندی کے حق میں نہیں، مولانا فضل الرحمان
واضح رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان جیل میں کیوں ہیں، کسی بھی سیاستدان کو قید میں نہیں ہونا چاہیے۔














