وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ملک کی بدنامی کے لیے آئی ایم ایف کو خطوط لکھنے سمیت کیا کچھ نہیں کیا، مذاکرات کے لیے ضروری ہے کہ پی ٹی آئی اپنے کیے پر دنیا کے سامنے معافی مانگے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے پاس بات چیت کے لیے کوئی آپشن نہیں، لیکن اس کے لیے برطانیہ اور امریکا سے آپریٹ ہونے والے اکاؤنٹس سے لاتعلقی اختیار کرنا ہوگی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی مذاکرات نہیں کرے گی، یہ بات طے ہوچکی، سلمان اکرم راجہ
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے پاک فوج اور فیلڈ مارشل کے خلاف پروپیگنڈا کیا، جبکہ مئی کی جنگ کے بعد دنیا وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور پاکستان کی عزت کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایسی سوچ پر لعنت ہی بھیجی جا سکتی ہے کہ عمران خان نہیں تو پاکستان نہیں، ایسے لوگ یاد رکھیں گے کہ پاکستان اب بدل چکا ہے، یہ ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑا ملک نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ جس نے بھی پاکستان کے ساتھ دغا کیا، اس کا انجام اچھا نہیں ہوا، اور پی ٹی آئی کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ کوئی اگر خود کو پاکستان سے بڑا سمجھتا ہے، تو اپنا دماغ کو درست کرلے، فوج اور قیادت کو گالیاں دینے سے کوئی راستہ نہیں بنے گا، ایسا سوچنے والے غلطی پر ہیں۔
مزید پڑھیں: اسٹیبلشمنٹ ملک کی خاطر ہر چیز کے لیے تیار، شاہ محمود جلد رہا ہو جائیں گے، محمود مولوی کا دعویٰ
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ’ایکس‘ کو بند کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، البتہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستان میں دفاتر کھولنے کا کہا گیا ہے۔














