موسم گرما کی چھٹیوں میں بچے اور والدین کیا کریں؟ ایڈیشنل ڈائریکٹر محکمہ تعلیم سندھ کی نصیحتیں

بدھ 24 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد فرصت کے لمحات کو گزارنے کے لیے مختلف منصوبے بناتے ہیں۔ کوئی سیر کے لیے جاتا ہے تو کسی کو شاپنگ کرنا پسند ہے ایسے میں بچوں کو بھی انتظار ہوتا ہے ان کو سالانہ چھٹیاں کب ہوں گی کہ وہ بھی کھل کر اپنی مرضی کی سرگرمیوں مثلاً کھیل وغیرہ میں حصہ لے سکیں گے۔

ایسے میں جب ملک میں موسم گرما کی تعطیلات کا وقت آن پہنچا ہے تو ایڈیشنل ڈائریکٹر رجسٹریشن محکمہ تعلیم سندھ رافعہ جاوید بچوں کی وکیل بن کر سامنے آ گئی ہیں اور والدین کے لیے پیغام جاری کیا ہے۔

رافعہ جاوید کا کہنا ہے کہ گرمیوں کی تعطیلات جون سے جولائی تک ہیں، ان چھٹیوں میں صرف آرام کیا جائے اور بھرپور لطف اٹھایا جائے لیکن سچائی اس کے برعکس ہے، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ گرمیوں کی چھٹیوں میں بچے آرام کے ساتھ ساتھ تعلیمی سرگرمیاں بھی جاری رکھتے ہیں، چھٹیوں کا ہر گز یہ مطلب نہیں ہونا چاہیے۔

ان کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں سے 60 دن کی چھٹی والدین کے لیے سنہری موقع ہوتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ سنہرا وقت گزاریں اور ان کی اخلاقی تربیت کریں۔ میں والدین سے گزارش کروں گی کہ وہ یہ وقت اپنے بچوں کے ساتھ گزاریں اور انہیں وقت کی اہمیت کا بتائیں اور یہ بھی بتائیں کہ وہ یہ وقت کیسے بہتر گزار سکتے ہیں۔

رافعہ جاوید نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ان چھٹیوں میں والدین کو اپنے بچوں کے مسائل کو سننا اور انھیں یہ باور کرانا چاہیے کہ آپ صرف ان کے والدین نہیں بلکہ ان کے دوست بھی ہیں۔ والدین کی ترجیح بچے کی صحت اور کھیلوں کی سرگرمیوں کی طرف توجہ مرکوز کرانا ہونا چاہیے تا کہ وہ برقی آلات کے بجائے میدانوں میں وقت گزاریں جس سے بچہ صحت مند ہوگا اور نشونما بہتر ہوگی۔

ان کا کہنا ہے کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو ملک کا دورہ کرائیں جہاں وہ پاکستان کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ تاریخی مقامات بھی دیکھیں جس سے انہیں ثقافت اور تاریخ سے متعلق معلومات حاصل ہوسکیں۔

انھوں نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ ایسا تعلق بنائیں کہ جس سے بچے اپنے خواب بنا کسی ڈر و خوف کے بتا سکیں۔ ان اقدامات سے چھٹیوں کے بعد اسکول آنے والے بچوں میں نئی طاقت آئے گی اور کچھ کرنے کا عزم ہوگا۔

واضح رہے کہ محکمہ سندھ کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک ہوں گی اور اس فیصلے کا اطلاق تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں پر ہوگا۔

دوسری جانب محکمہ تعلیم پنجاب نے بھی موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق 6 جون سے 20 اگست تک سرکاری اور پرائیوٹ تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp