محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جن میں لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، ملتان، کوٹ ادو، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، بہاولنگر، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، خانیوال، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے ہوشیار، خبردار ! اسلام آباد میں موسمی انفلوئنزا پھیلنے لگا، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں
محکمہ موسمیات کے مطابق 27 سے 31 دسمبر کے دوران بارش برسانے والا نیا موسمی سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا، جس کے باعث لاہور اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے زیرِ اثر مختلف علاقوں میں بارش اور موسم میں تبدیلی متوقع ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل ملک میں داخل ہونے والا مغربی سسٹم لاہور سمیت پنجاب کے اکثر علاقوں سے بارش برسائے بغیر گزر گیا تھا، جس پر شہریوں میں مایوسی پائی جا رہی تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ آنے والا سسٹم زیادہ مؤثر ثابت ہونے کا امکان رکھتا ہے، تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں سپر فلو کتنی تباہی مچا رہا ہے، اس سے محفوظ کیسے رہا جا سکتا ہے؟
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا، جبکہ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، بینظیر آباد، موہنجوداڑو اور گرد و نواح میں دھند پڑنے کی توقع ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے علاقوں پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد و نواح میں بھی دھند رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔














