غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے والے 179 افغان شہریوں کو سکیورٹی فورسز نے چاغی کے مختلف علاقوں سے گرفتار کر لیا ہے۔
انتظامی ذرائع کے مطابق گرفتار افغان شہریوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ افراد غیر قانونی طریقے سے پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور بعد ازاں ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیے افغان باشندے غیر قانونی راستوں سے یورپ جانے کے لیے پاکستان کا استعمال کیسے کرتے ہیں؟
انتظامیہ کے مطابق تمام گرفتار افراد کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان کے ضلع چاغی میں نوکنڈی کے قریب پیش آنے والا دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا جو ایک بار پھر غیر قانونی ہجرت کے المیے کو بے نقاب کر گیا، اس حادثے میں بہتر یاد مستقبل کے خواب لیے یورپ جانے والے 9 افغان شہریوں سمیت 10 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک پک اپ گاڑی تیز رفتاری کے باعث آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایس پی چاغی محمد شریف کلہوڑو کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جاں بحق ہونے والے افغان شہری غیر قانونی طور پر ایران کے راستے یورپی ممالک جانے کی کوشش کر رہے تھے۔













