چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ خاتون طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں، جن کا وزن بیماری کے باعث کم ہو کر صرف 17.5 کلوگرام رہ گیا تھا۔
متوفیہ، جو سوشل میڈیا پر ’چیاؤ چیاؤ‘ کے نام سے جانی جاتی تھیں، طویل عرصے سے معدے کی شدید بیماری (کرونک گیسٹرک ایٹروفی) میں مبتلا تھیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق انہوں نے 17 جولائی کو ایک ویڈیو کے ذریعے مدد کی اپیل کی تھی، جو وائرل ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق چیاؤ چیاؤ 17 دسمبر کی صبح انتقال کر گئیں جبکہ 18 دسمبر کو ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔
ذہنی صدموں نے بیماری کو جنم دیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کی بیماری کا تعلق طویل ذہنی اور جذباتی صدمات سے تھا۔ وہ کم عمری میں والدہ کی طرف سے چھوڑ دی گئی تھیں، جبکہ چند سال قبل ان کے والد معدے کے کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے ’لوگوں نے کہا بھینس کی طرح لگتی ہو‘، سابق مس انڈیا فائنلسٹ نے وزن میں حیران کن کمی کیسے کی؟
ماہرین کے مطابق ان واقعات نے انہیں شدید ڈپریشن میں مبتلا کر دیا، جس کے نتیجے میں جسمانی نظام متاثر ہوا اور معدے کے غدودی افعال ختم ہونے لگے، جس سے خوراک ہضم کرنے کی صلاحیت ختم ہو گئی۔
وزن 45 کلو سے 17 کلو تک گر گیا
چیاؤ چیاؤ نے سوشل میڈیا پر اپنی بیماری کی تفصیلات شیئر کیں۔ ان کے مطابق والد کی وفات کے بعد انہیں شدید معدے کا درد، بھوک کی مکمل کمی اور نیند نہ آنے کی شکایات لاحق ہو گئیں۔
وقت کے ساتھ ان کا وزن 45 کلوگرام سے کم ہو کر 17.5 کلوگرام رہ گیا۔ حالت بگڑنے پر آنتیں غذائیت جذب کرنے کے قابل نہ رہیں اور وہ البومن انجیکشنز اور ڈرپس پر زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئیں۔
مدد کی اپیل اور آخری دن
متوفیہ نے ویڈیوز میں بتایا کہ وہ کھانے اور سونے سے قاصر تھیں، مگر زندہ رہنے کی خواہش رکھتی تھیں۔ علاج پر تمام جمع پونجی خرچ ہو گئی اور وہ قرض میں بھی ڈوب گئیں۔
یہ بھی پڑھیے کیا اداکارہ شگفتہ اعجاز نے وزن کم کرنے کے لیے اوزیمپک کا استعمال کیا؟
ان کا چھوٹے بھائی، جو ان کا واحد قریبی رشتہ دار تھا، آخری وقت تک ان کے ساتھ موجود رہا۔
ماہرین کی وضاحت
ڈاکٹروں کے مطابق بیماری آخری مرحلے میں کیچیکسیا میں تبدیل ہو گئی، جو ایک ایسی حالت ہے جس میں جسم شدید حد تک کمزور ہو جاتا ہے اور غذائیت بھی کارگر نہیں رہتی۔ ماہرین نے بتایا کہ ڈپریشن اعصابی اور ہارمونل نظام کو متاثر کر کے معدے کی تیزابیت اور خود کو بحال کرنے کی صلاحیت ختم کر دیتا ہے۔
خاتون کی موت کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔














