یومِ تکریمِ شہداء پاکستان: مرکزی تقریب میں جنرل باجوہ، کپتان بابر اعظم اور کرکٹر محمد رضوان بھی شریک

جمعرات 25 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں یوم تکریم شہداء پاکستان کے سلسلہ میں مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں یادگارِ شہداء پر منعقد کی گئی، جہاں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت اعلٰی فوجی قیادت اور سول سوسائٹی کی جانب سے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یادگار پر پھول رکھے گئے اور ملک کی سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

آئی جی اسلام آباد پولیس ناصر اکبر، ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس، ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی خرم علی، شہدا کے اہل خانہ کے ہمراہ طلبا نے بھی یادگار شہدا پر پھول پیش کیے۔

سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، جنرل ندیم رضا، سمیت سابق فوجیوں نے بھی یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھی شرکت کی۔

سول سوسائٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ، کمشنر اسلام آباد نورالامین مینگل، براڈ کاسٹر عشرت فاطمہ، سماجی کارکن انصار برنی، سفارتکار سہیل احمد، مولانا خبیر آزاد، مفتی منیب الرحمن، مولانا یسین ظفر، علامہ عارف واحدی نے بھی شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یادگار پر پھول چڑھائے۔

یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان کے حوالے سے ملک بھر میں آج دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی سے ہوا۔ جس کے بعد دعاؤں میں پاکستان کی سلامتی اور امن و امان کے ساتھ شہداءِ پاک سر زمین کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

علماءِ کرام کا کہنا تھا کہ آزاد فضاؤں میں سانس لینا ہمارے ملک کے شہداء کے مرہونِ منت ہے جو ہم پر انکا قرض ہے۔ آج ضرورت اتحاد و یگانگت کے ساتھ فاصلوں کو ختم کرنے کی ہے تاکہ تمام افراد ملکی استحکام اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

دوسری جانب ایئر ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک اور یوم تکریم شہداء پاکستان کی پروقار تقریب میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو نے یادگار پر پھول رکھے اور سلامی دی۔

اس سے قبل یوم تکریم شہداء پاکستان کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، ریٹائرڈ سروسز آفیسرز اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ان شہداء پاکستان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران ملکی سالمیت، خودمختاری اور عزت کو یقینی بنانے کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

آج کا دن پوری قوم کے لیے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے ہر شہید کو یاد کرنے اور خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے پاکستان کے اس مقصد اور آدرش کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق شہداء پاکستان کی لازوال قربانیوں کو کبھی کم تر نہیں ہونے دیا جاسکتا۔ پاکستانی قوم فخر کرتی ہے اور پختہ عزم کرتی ہے کہ وہ ان کا اور ان کے قابل فخر خاندانوں کا مقروض رہے گا۔ شہدا ہمارا فخر تھے، ہیں اور رہیں گے، کچھ بھی ہو جائے۔

’شہدا کی قربانیاں لازوال ہیں، وطن عزیز کی آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہیں گی اور دشمنان پاکستان کے شیطانی پروپیگنڈے سے قطع نظر انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔‘

ملک بھر میں یوم تکریم شہداء پاکستان کے سلسلہ میں مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں یادگارِ شہداء پر منعقد کی جائے گی، جہاں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف بھی یادگار شہداء پر خِراج عقیدت پیش کریں گے۔

پاکستان ایئرفورس، نیول ہیڈکوارٹرز، فارمیشن ہیڈکوارٹر میں بھی شہداء کی یادگاروں پر تقریبات ہوں گی، پولیس کے متعدد شہداء کی یادگاروں پر بھی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp