وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان 26 دسمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ ان کا صدر متحدہ عرب امارات کے طور پر پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ وہ اپنے ہمراہ وزرا اور سینیئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ آئیں گے۔
یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاہد کے آمد پر اسلام آباد میں استقبال کی تیاریاں، ایئر فورس کے جنگی طیاروں کی استقبال کی ریہرسل pic.twitter.com/QbMojE5b2L
— Ali Tanoli (@alitanoli889) December 24, 2025
دورے کے دوران شیخ محمد بن زاید النہیان وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کریں گے، جس میں دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور خطے اور عالمی سطح کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اس دورے کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے طویل المدتی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی گہرائی اور تعاون کے فروغ کے عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ دورہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام جیسے اہم شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
دوسری جانب صدر متحدہ عرب امارات کے دورہ پاکستان سے قبل ان کے پرتپاک استقبال کی تیاریاں جاری ہیں، اور 26 دسمبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔














