یومِ قائد اعظم اور کرسمس کے موقع پر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مذہبی آزادی، مساوات اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آج ہم بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولادت کی سالگرہ منانے کے ساتھ ساتھ کرسمس کی خوشیاں بھی منا رہے ہیں، جو پاکستان کے قیام کے وقت اختیار کیے گئے جامع اور انکلوسیو وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:قائداعظم کا 149 واں یومِ پیدائش، مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب، ملک بھر میں عام تعطیل
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نہ صرف پاکستان کی آزادی کے معمار تھے بلکہ وہ اصولوں، وضاحت اور انصاف کی علامت بھی تھے۔ انہوں نے ایک ایسے جمہوری پاکستان کا تصور پیش کیا جو برابری، انصاف اور تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے احترام پر قائم ہو، جہاں مذہب، نسل یا قومیت کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہ ہو۔
اسحاق ڈار نے قائد اعظم کی 11 اگست 1947 کی تاریخی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بانیٔ پاکستان نے واضح طور پر اعلان کیا تھا کہ ریاست کسی شہری کے درمیان مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر کوئی فرق نہیں کرے گی۔ ان کے مطابق انسانی حقوق، مساوات اور مذہبی آزادی کا تحفظ آج بھی پاکستان کے آئین اور قومی کوششوں کا بنیادی حصہ ہے۔
"Mir-e-Karwan: Pakistan Navy's tribute to Quaid-e-Azam Muhammad Ali Jinnah 🌟 Honoring his vision that shaped our nation. #PakistanNavy #QuaideAzam #Jinnah #QuaidVision #Pakistan #Mir_e_Karwan #Shukria #FatherOfTheNation" pic.twitter.com/ECA3bsjFuF
— DGPR (Navy) (@dgprPaknavy) December 25, 2025
انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مسیحی شہریوں نے تعلیم، صحت، عوامی خدمت اور قومی دفاع سمیت مختلف شعبوں میں ملک کی ترقی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اور پوری دیانت داری اور وقار کے ساتھ قوم کی خدمت کی ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ کرسمس امن، قربانی، محبت اور انسانیت سے ہمدردی جیسی عالمگیر اقدار کی علامت ہے، جو اسلامی تعلیمات اور قائد اعظم کے تصورات سے بھی ہم آہنگ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب دنیا کو عدم برداشت اور تقسیم جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کثرت میں وحدت، بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے عزم کو دہراتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی تنوع اس کی طاقت اور فخر ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ قائد اعظم کی وراثت اور کرسمس کی خوشیوں کے موقع پر ہم امن، خیرسگالی اور باہمی احترام کے پیغام کو آگے بڑھائیں۔ آخر میں انہوں نے دنیا بھر کے مسیحیوں کو کرسمس کی مبارکباد دی اور قائد اعظم محمد علی جناح کو دلی خراجِ عقیدت پیش کیا۔













