کراچی میں نیشنل آئل ریفائنری کی پائپ لائن سے تیل چوری کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس واردات میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میں سالانہ کتنے ارب روپے کی گیس چوری ہوتی ہے؟
ایس آئی یو کے مطابق ملزمان پنجاب جانے والی آئل لائن تک پہنچنے کے لیے 140 میٹر طویل سرنگ کھود چکے تھے۔ اس مقصد کے لیے ایک گودام کے اندر گہری کھدائی کی گئی، جہاں سے پائپ لائن تک رسائی حاصل کر کے تیل چوری کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
کارروائی کے دوران تیل چوری کی کوشش میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ سرنگ اور دیگر شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کا کہنا ہے کہ تیل چوری کی اس کوشش کو بروقت ناکام بنا کر قومی اثاثے کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کا سراغ لگانے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔














