رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد میں مصنوعی ذہانت پر تیسری بین الاقوامی کانفرنس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

جمعرات 25 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد میں کمپیوٹنگ، مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سائنس کے شعبوں پر مبنی تیسری بین الاقوامی کانفرنس CAIDS-2025 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔

کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین، محققین، اساتذہ، پالیسی سازوں اور صنعت سے وابستہ نمائندگان نے شرکت کی اور جدید ٹیکنالوجی کے ابھرتے ہوئے رجحانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیے: رِفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں انٹرنیشنل کانفرنس کا آغاز، تحقیق اور جدت کو فروغ دینے کا عزم

افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر رِفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد تھے، جبکہ ڈاکٹر نجیب اللہ مروت (ممبر سائنس، ٹیکنالوجی و آئی سی ٹی، پلاننگ کمیشن آف پاکستان) اور ڈاکٹر محمد اسرار (سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، خیبر پختونخوا) بھی موجود تھے۔

اس کانفرنس کا مشترکہ اہتمام یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں، رِفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد، یونیورسٹی آف لکی مروت، گومل یونیورسٹی، کیوی بنوں (پاکستان) اور ملٹی میڈیا یونیورسٹی (ملائشیا) نے کیا۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں، صنعت اور حکومتی شعبوں کے درمیان اشتراک کو فروغ دینا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: راولپنڈی کی رفاہ یونیورسٹی میں منفرد نمائش کا انعقاد

کانفرنس کو پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کی جانب سے تحقیقی منصوبے “پولیٹکل پلس” کے تحت مالی و تکنیکی معاونت حاصل رہی، جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی معاونت بھی شامل رہی۔ منتخب تحقیقی مقالہ جات اضافی پیئر ریویو کے بعد ملائشیا کی ایم ایم یو پریس جرنلز میں شائع کیے جائیں گے۔

افتتاحی خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد نے مصنوعی ذہانت کے اخلاقی استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو اسلامی و اخلاقی اقدار کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر اجاگر ہو۔

ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر نے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر، سافٹ ویئر انجینئرنگ اور مصنوعی ذہانت میں ہونے والی پیش رفت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ایسی کانفرنسیں نوجوان محققین کی رہنمائی اور قومی ترجیحات سے ہم آہنگ تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد اسرار نے صوبے کے دور دراز علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، تعلیمی سہولیات کی بہتری اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی توسیع پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیے: ’آئی ٹی‘ کے ذریعے فیصل آباد کو ٹیکسٹائل سٹی سے ’سائبر سٹی‘ میں تبدیل کرنے پر زور

کانفرنس میں ملک و بیرون ملک کی 8 جامعات نے شرکت کی، جبکہ کلیدی مقررین نے تعلیمی ترقی، پائیدار ترقیاتی اہداف اور معاشرتی سطح پر مصنوعی ذہانت کے اثرات پر اظہارِ خیال کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر وائس چانسلرز اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کا وائس چانسلر رِفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے دفتر میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں جنوبی خیبر پختونخوا میں اعلیٰ تعلیمی انفراسٹرکچر اور سہولیات کے فروغ پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد نے جنوبی خیبر پختونخوا بالخصوص خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے رِفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی مکمل معاونت کا اعلان کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp