وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو اپریل اور مئی کی تنخواہیں اگلے 48 گھنٹوں میں دینے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ جس ریڈیو اسٹیشن سے آزادی کی صدائیں بلند ہوئیں، اسے جلا دینا کہاں کی محبت ہے؟ ریڈیو پاکستان پشاور ہی سے دنیا کو مملکت کی آزادی کی خوشخبری سنائی گئی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ریڈیو پاکستان پشاور کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو اپریل اور مئی کی تنخواہیں نہیں مل سکیں۔ میں فی الفوران کی تنخواہوں کی ادائیگی کا اعلان کرتا ہوں۔ وزارت اطلاعات کے ذریعے اگلے 48 گھنٹوں میں آپ کو تنخواہیں مل جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ چاغی کی یادگار کو بھی راکھ بنا دیا گیا، صوت القرآن چینل کی کسی ایک چیز کو بھی نقصان نہیں پہنچا۔ تاریخی عمارت کی حالت دیکھ کربہت دکھ ہوا، تاریخی اور قومی ورثے کو جلا دینا کہاں کی حب الوطنی ہے؟ یہ یاد گاریں پاکستان کی دفاعی قوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9اور10مئی کے درمیان جو دلخزاش واقعات ہوئےاس نےعوام کو صدمہ پہنچایا، ان واقعات سے پورے پاکستان میں غم و غصے کی شدید لہر پھیل گئی۔ ان واقعات نے پورے پاکستان کو صدمے میں مبتلا کیا۔ شہدا کے مجسمے کو آگ لگادی گئی جس سے زیادہ ملک دشمنی کوئی نہیں ہوسکتی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جس جگہ سے آزادی کی صدا بلند ہوئی، اسے جلادینا ملک دشمنی کی مثال ہے، تاہم قیامت تک دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قومیں اپنی تاریخ کو جان سے عزیز رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو اجتماعی کاوشوں کے نتیجے میں ایٹمی قوت بنایا، تمام حکومتوں نے دفاعی پروگرام کے لیے اپنا حصہ ڈالا۔