الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کی درخواست پر اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 3 دن کی توسیع کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے قبل بڑا اعلان کردیا
الیکشن کمیشن کے مطابق اب امیدوار 30 دسمبر تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے جبکہ اس سے قبل آخری تاریخ 27 دسمبر مقرر تھی۔
پاکستان الیکشن کمیشن کو دی گئی درخواست میں بلدیات کمیٹی کے سیکریٹری انجم شہزاد تنولی نے چیف الیکشن کمشنر سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی مدت بڑھانے کی استدعا کی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے 26 دسمبر کو مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جس سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
مزید پڑھیے: الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان
درخواست میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں مجموعی طور پر 125 یونین کونسلز ہیں اور ہر یونین کونسل میں کم از کم 9 کونسلرز کے کاغذاتِ نامزدگی جمع ہونا ضروری ہیں۔
تعطیل کے باعث امیدواروں، تجویز کنندگان اور متعلقہ دفاتر کو انتظامی اور لاجسٹک مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے، جس سے آخری دن غیر ضروری رش اور مشکلات پیدا ہونے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا نظرثانی شدہ شیڈول جاری، پولنگ 16 فروری کو ہوگی
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 15 فروری کو ہوگی جبکہ نتائج 16 سے 19 فروری کے درمیان مرتب کیے جائیں گے۔
پی ٹی آئی کی پالیسی کے مطابق ان کارکنان کو ٹکٹ ترجیحاً دیے جائیں گے جو گزشتہ 3 برسوں کے دوران پارٹی اور اس کے نظریے سے وابستہ رہے اور قربانیاں دیتے رہے ہیں۔














