مقبوضہ فلسطین میں مغربی کنارے کے شہر رملہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے پیش آنے والا ایک واقعہ سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کا باعث بن گیا ہے، جس کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک اسرائیلی ریزرو فوجی نے جان بوجھ کر سڑک کے کنارے نماز ادا کرنے والے فلسطینی نوجوان کو گاڑی سے ٹکر مار دی۔
Shocking footage shows an armed Israeli settler driving a four-wheel-drive vehicle and deliberately running over a Palestinian worshipper for no apparent reason, then continuing to try to push him off the road. The incident occurred near Ramallah. pic.twitter.com/4RQuY3jdLv
— ✌️🇵🇸✌️ Mohammed Najjar (@hamada_pal2020) December 25, 2025
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کندھے پر رائفل لٹکائے فوجی کی گاڑی کی ٹکر سے فلسطینی نوجوان زمین پر گر جاتا ہے۔
واقعے کے بعد موقع پر موجود دیگر اسرائیلی فوجی اہلکار متاثرہ نوجوان پر چیختے ہوئے اسے وہاں سے ہٹ جانے کا کہتے نظر آتے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق زخمی فلسطینی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔
متاثرہ نوجوان کے والد مجدی ابو مخو نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے بیٹے کی دونوں ٹانگوں میں شدید درد ہے، جبکہ ان کا کہنا تھا کہ حملے کے دوران اسرائیلی فوجی اہلکار نے مرچوں کا اسپرے بھی استعمال کیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مغربی کنارے میں تشدد کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے حملوں میں اب تک 750 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔












