بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان نے ملک میں اتحاد، رواداری اور جامع سیاسی کلچر کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی اصل طاقت ہمیشہ اس کے عوام رہے ہیں، جب وہ متحد ہو کر کھڑے ہوتے ہیں۔
وطن واپسی کے بعد اپنے پیغام میں طارق رحمان نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد جن میں نوجوان، پیشہ ور افراد، کسان اور مزدور شامل ہیں، کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیے بنگلہ دیش: این سی پی کا طارق رحمان کی واپسی کا خیرمقدم، جمہوریت کے لیے مثبت پیش رفت قرار
انہوں نے میڈیا اور سکیورٹی اداروں کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا جنہوں نے ان کی واپسی کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے میں کردار ادا کیا۔
طارق رحمان نے دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کا خیرمقدم کیا اور جمہوری بقائے باہمی اور انتقامی سیاست کے خاتمے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی سوچ عاجزی اور احترام کی مستحق ہے۔
یہ بھی پڑھیے: طارق رحمان کی 17 سال بعد بنگلہ دیش واپسی، پُر جوش استقبال
انہوں نے بنگلہ دیش کے لیے ایک وژن پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو امن، وقار اور تمام طبقات کے لیے مساوی تحفظ کی راہ پر گامزن ہونا ہوگا، تاکہ آنے والی نسلیں امید اور اعتماد کے ساتھ پروان چڑھ سکیں۔
طارق رحمان نے واضح کیا کہ یہ وژن کسی ایک جماعت کے لیے نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے ہے، اور ملک کی ترقی کے لیے اتحاد اور باہمی تعاون ناگزیر ہیں۔














