پاکستانی اداکارہ مہربانو نے بالآخر اپنی ذاتی زندگی سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں پر وضاحت دے دی ہے۔
مہربانو کی شادی 2022 میں شاہ رخ کاظم علی سے ہوئی تھی۔ وہ اپنے متحرک اور جاندار کرداروں کے باعث ڈراموں اور فلموں میں پہچانی جاتی ہیں۔
حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک سوال و جواب کے سیشن کے دوران ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ شادی شدہ ہیں؟ جس پر مہربانو نے مختصر مگر واضح انداز میں جواب دیا: ’نہیں‘۔

ان کے اس بیان نے کئی ماہ سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا۔
سوشل میڈیا پر اس سے قبل مہربانو نے اپنے شوہر کے ساتھ موجود تمام تصاویر ہٹا دی تھیں، حتیٰ کہ شادی سے متعلق کوئی تصویر بھی پروفائل پر موجود نہیں تھی، جس سے مداحوں میں تشویش پیدا ہو گئی تھی۔
مہربانو کی عام طور پر سوشل میڈیا پر متحرک شخصیت اور کھلے اظہار کے باوجود اس معاملے پر خاموشی نے طلاق یا علیحدگی کی افواہوں کو تقویت دی تھی، تاہم ان کے حالیہ جواب نے اب تمام ابہام دور کر دیے ہیں۔














