پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی کا معصوم بچی کو دہشتگردی کے لیے استعمال کرنے کے گھناؤنے عزائم رکھنے والوں کے خلاف ردعمل سامنے آگیا۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہاکہ سی ٹی ڈی نے جس طرح ایک معصوم بچی کو فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم کا نشانہ بننے سے بچایا، اس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
سی ٹی ڈی بلوچستان نے جس طرح لڑکی کو فتنہ الہندوستان کے مزموم عزائم کا نشانہ بننے سے بچایا ہے وہ قابل تحسین ہے جس پر ملک کی سلامتی کے ادارے خراج تحسین کے مسحق ہیں ، اسلام میں اپنے آپ کو قتل کرنا یاکسی دوسرے شخص کو قتل کرنا حرام ہے ، علامہ طاہر محمود اشرفی pic.twitter.com/equmOF8Gb5
— WE News (@WENewsPk) December 29, 2025
انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنانے پر ملکی سلامتی کے اداروں، سی ٹی ڈی کے افسران اور دیگر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
طاہر اشرفی نے کہاکہ اسلام میں اپنے آپ کو قتل کرنا یا کسی کو قتل کرنا حرام ہے، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے معصوم لوگوں کی ذہن سازی کرکے انہیں دہشتگردی پر مجبور کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اب اس سے بڑی بزدلی کیا ہوگی کہ اپنی بہنوں، بیٹیوں، قوم کی بچیوں کو دہشتگردی کے لیے استعمال کیا جائے۔ ’اسلام، پاکستان، پاکستان کی روایات، بلوچ قوم کی روایات، مسلمانوں کی روایات، مسلمانوں کا دین اس کی اجازت نہیں دیتا۔‘
طاہر اشرفی نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں جو لوگ ابھی تک کسی خوف کی وجہ سے فتنہ الہندوستان یا فتنہ الخوارج کے ساتھ ہیں ان کو چھوڑ دیں، کیوں کہ یہ لوگ پاکستان اور انسانیت کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وہ حوا کی بیٹی جس کو اسلام عظمت دینے آیا، اور رسول اللہﷺ کے مقدس آنسو جس کے لیے بہے، اس کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنا اور دہشتگردی جیسے جرم کے لیے استعمال کرنا، اس سے بڑا جرم کوئی اور نہیں ہو سکتا۔
مزید پڑھیں: بی ایل اے بچوں کو ہتھیار بنانے لگا، کم عمر بلوچ بچی کو سوشل میڈیا کے ذریعے خودکش بمبار بنانے کی کوشش ناکام
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان انشااللہ قیامت کی صبح تک قائم رہےگا، اور دہشتگردوں کے عزائم ناکام ہوں گے۔ میں سمجھتا ہوں کہ جس انداز سے پاک فوج، ملکی سلامتی کے اداروں اور سی ٹی ڈی نے اس بچی کو محفوظ بنایا ہے ہمیں پاکستان کو بھی محفوظ بنانا ہے۔
واضح رہے کہ سکیورٹی اداروں نے کراچی کو بڑی تباہی سے بچاتے ہوئے دہشتگردوں کی جانب سے خودکش حملے لیے تیار کی گئی کم عمر طالبہ کو ریسکیو کرلیا ہے۔













