تنظیم کے مطابق اس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ اور غزہ میں تنظیم کے سربراہ محمد سنوار اس سال اسرائیل کے ساتھ جاری لڑائی کے دوران شہید ہو گئے۔
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے تصدیق کی ہے کہ اس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ شہید ہوگئے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسرائیلی فوج کی غزہ سٹی میں کارروائی، حماس کے اہم کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ
ترجمان کے مطابق اسرائیلی فوج نے اگست میں غزہ میں بمباری کے دوران ابوعبیدہ کو زخمی کر دیا تھا، اور وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ حماس نے ان شہادتوں کو اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے مئی میں دعویٰ کیا تھا کہ اس نے محمد سنوار کو شہید کر دیا ہے، جو سابق حماس رہنما یحییٰ سنوار کے چھوٹے بھائی تھے۔ اور پھر 3 ماہ بعد اسرائیل نے ابوعبیدہ کی شہادت کی بھی اطلاع دی تھی۔
ابوعبیدہ حماس کے ایک نمایاں ترجمان سمجھے جاتے تھے اور میدانِ جنگ کی صورتحال، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق بیانات جاری کرتے رہے، خاص طور پر مختصر جنگ بندی کے دوران جسے بعد میں اسرائیل نے ختم کردیا۔
مزید پڑھیں: غزہ: اسرائیلی حملوں میں بچوں سمیت 24 فلسطینی شہید، حماس کی ثالثوں سے مداخلت کی اپیل
محمد سنوار اور ابوعبیدہ ان رہنماؤں میں شامل ہیں جن کی گزشتہ دو برسوں میں اسرائیل نے شہادت کی تصدیق کی ہے۔
اس فہرست میں حماس کے کئی اعلیٰ عسکری اور سیاسی قائدین شامل ہیں، جن میں سابق سیاسی سربراہ یحییٰ سنوار، عسکری کمانڈر محمد الضیف اور سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ شامل ہیں، جو تہران میں شہید ہوئے تھے۔














