مالی سال 26-2025 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار یعنی جی ڈی پی میں 3.71 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں بتایا کہ یہ شرح گزشتہ مالی سال 25-2024 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 2.15 فیصد زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج میں تیزی برقرار، انڈیکس میں 900 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ
وزیرمنصوبہ بندی کے مطابق، یہ اعداد و شمار 25-2024 کے مقابلے میں جی ڈی پی کے سفر میں ایک معیاری تبدیلی کی نشاندہی کرتے ہیں۔
Alhamdulillah! Good news is that in Q1 of 2025-26 GDP has grown by 3.71%. This is 2.15% more than the corresponding number of Q1 2024-25. This defines a qualitative change in trajectory of GDP compared to 2024-25. In 24-25, qurterly jouney was 1.56, 2.03, 2.66, and 6.17, In…
— Ahsan Iqbal (@betterpakistan) December 30, 2025
’مزید حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ یہ ترقی صنعتی شعبے سے حاصل ہو رہی ہے، جہاں 2025-26 کی پہلی سہ ماہی میں صنعتی نمو 9.38 فیصد رہی، جبکہ 2024-25 کی پہلی سہ ماہی میں یہ محض 0.12 فیصد تھی۔‘
احسن اقبال نے مزید کہا کہ اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے کہ یہ معاشی ترقی 2025 کے سیلابی جھٹکے، مالی سختی کے اثرات، توانائی سبسڈی کے خاتمے اور غذائی افراطِ زر کے باوجود حاصل کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: کرپٹو مائننگ: پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے سنگ میل یا خطرناک تجربہ؟
ادارہ شماریات کی جانب سے اکتوبر میں جاری کیے گئے تخمینوں کے مطابق، مالی سال 2025 کے دوران پاکستان کی جی ڈی پی نمو 3.04 فیصد رہی، جو کہ نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں لگائے گئے 2.68 فیصد کے اندازے سے زیادہ تھی۔
نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کے مطابق، مالی سال 2025 میں ملکی معیشت کا مجموعی حجم 113.7 کھرب روپے رہا، جبکہ گزشتہ سال یہ 105.2 کھرب روپے تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق، فی کس آمدنی 506,188 روپے یا 1,812 ڈالر رہی۔














