بنگلہ دیش کی بڑی اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے موجودہ سیاسی تبدیلی کے دوران پارٹی پالیسی کے خلاف سرگرمیوں پر اپنے 9 سینیئر رہنماؤں کو پارٹی سے خارج کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش میں سوگ، خالدہ ضیا کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی
بی این پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پارٹی فیصلوں کی خلاف ورزی کرنے پر 9 رہنماؤں کو تمام عہدوں اور بنیادی رکنیت سے نکال دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اعلان پارٹی کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری جنرل روحل کبیر رضوی کے دستخط سے جاری بیان میں کیا گیا۔
پارٹی سے نکالے جانے والوں میں بیرسٹر رومین فرحانہ شامل ہیں، جو سابق رکن پارلیمنٹ اور اسسٹنٹ سیکریٹری برائے بین الاقوامی امور رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈھاکہ نارتھ سٹی بی این پی کے سابق کنوینر سیف الاسلام نیرو بھی ان رہنماؤں میں شامل ہیں۔

بی این پی کے مطابق دیگر خارج کیے گئے افراد کا تعلق پارٹی کی قومی کمیٹیوں اور ضلعی قیادت سے تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان رہنماؤں نے ایسی تنظیمی سرگرمیوں میں حصہ لیا جو پارٹی کی مرکزی قیادت کے فیصلوں کے منافی تھیں۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلہ دیش میں اہم سیاسی پیشرفت کے بعد بی این پی کو اندرونی اختلافات اور حکمت عملی سے متعلق بحث کا سامنا ہے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ نظم و ضبط اور اجتماعی فیصلوں کی پابندی ہر سطح پر لازمی ہے۔














