عدالتی رکاوٹوں کے بعد صدر ٹرمپ نے نیشنل گارڈ کی تعیناتی کا منصوبہ مؤخر کردیا

جمعرات 1 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ فی الحال شکاگو، لاس اینجلس اور پورٹ لینڈ میں نیشنل گارڈ کے دستے تعینات کرنے کا اپنا منصوبہ مؤخر کر رہے ہیں۔

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب عدالتی رکاوٹوں کے باعث ان کی کوششیں تعطل کا شکار ہو گئیں، سوشل میڈیا پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ نیشنل گارڈ کو وقتی طور پر واپس بلایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیشنل گارڈز پر حملے کے بعد، امریکا میں افغان شہریوں کی گرفتاریوں میں اضافہ

’جب جرائم ایک بار پھر بڑھنا شروع ہوں گے تو ہم واپس آئیں گے، شاید کہیں زیادہ مختلف اور مضبوط انداز میں، یہ صرف وقت کی بات ہے۔‘

اس سے قبل لاس اینجلس میں نیشنل گارڈ کے اہلکار پہلے ہی واپس جا چکے تھے، جہاں صدر ٹرمپ نے رواں سال جرائم اور امیگریشن کے خلاف سخت کارروائی کے تحت دستے تعینات کیے تھے۔

شکاگو اور پورٹ لینڈ میں بھی دستے بھیجے گئے تھے، تاہم قانونی چیلنجز کے باعث وہ کبھی سڑکوں پر تعینات نہ ہو سکے۔

ڈیموکریٹک قیادت والے شہروں میں نیشنل گارڈ کی تعیناتی کے صدر ٹرمپ کے فیصلے کو تقریباً ہر مرحلے پر قانونی مشکلات کا سامنا رہا۔

مزید پڑھیں: امریکا: افغانستان سمیت 19 غیر یورپی ممالک کے شہریوں کی امیگریشن درخواستیں معطل

دسمبر میں امریکی سپریم کورٹ نے شکاگو کے علاقے میں امیگریشن کریک ڈاؤن کے تحت نیشنل گارڈ تعینات کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔

اگرچہ یہ حتمی فیصلہ نہیں تھا، تاہم اسے صدر ٹرمپ کی پالیسی کے لیے ایک غیر معمولی عدالتی دھچکا قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیں: امریکا میں ایک اور افغان شہری گرفتار، داعش کی حمایت کا الزام

دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں اٹارنی جنرل برائن شوالب نے 2 ہزار سے زائد نیشنل گارڈ اہلکاروں کی تعیناتی روکنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

اسی طرح اوریگن میں ایک وفاقی جج نے ریاست میں نیشنل گارڈ کی تعیناتی کو مستقل طور پر روک دیا۔

کیلیفورنیا میں عدالتی فیصلے کے بعد 15 دسمبر تک لاس اینجلس کی سڑکوں سے نیشنل گارڈ کے دستے ہٹا لیے گئے تھے، تاہم ایک اپیلٹ عدالت نے اس حکم کے اس حصے کو عارضی طور پر معطل کر دیا تھا جس کے تحت نیشنل گارڈ کا کنٹرول واپس گورنر گیون نیوسم کو دیا جانا تھا۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ کا تمام تیسری دنیا کے ممالک سے امریکا ہجرت روکنے کا اعلان

منگل کے روزعدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں ٹرمپ انتظامیہ نے کہا کہ وہ اب اس حصے پر عمل درآمد روکنے کی درخواست واپس لے رہی ہے، جس کے بعد کیلیفورنیا نیشنل گارڈ کے دستوں کا مکمل کنٹرول دوبارہ ریاستی حکومت کو منتقل ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے جون میں نیشنل گارڈ کو وفاقی کنٹرول میں لیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp