ملیکہ بخاری کا پی ٹی آئی سے اظہارِ لاتعلقی، تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان

جمعرات 25 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی سابق مرکزی راہنما سابق ایم این اے، پارلیمنٹری سیکرٹری لا اور قانونی امور کی ترجمان ملیکہ بخاری نے بھی تحریک انصاف سے لا تعلقی کا اعلان کرتے ہوئے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ۔
اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملیکہ بخاری نے کہا کہ پارٹی چھوڑنے کی ہر ایک اپنی اپنی وجوہات ہو سکتی ہیں مجھ پر پارٹی چھوڑنے کے حوالے سے کوئی بھی زور زبردستی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ بھی ہوا وہ غلط تھا میں اس کی بھرپور مذمت کرتی ہوں اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سونپے گئے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات، یاد گار شہدا کی بے حرمتی کی گئی۔ ایک سرخ لکیر تھی جسے کراس کیا گیااور اس سرخ لکیر کو کراس کرنے والوں سے آئین و قانون کے تحت ہی نمٹا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی میں کون کون ملوث تھا اس کی نشاہدی ہو جائے گی۔ اس وقت پاکستان کے عوام ترقی چاہتے ہیں اور معیشت کی بہتری چاہتے ہیں۔
ملیکہ بخاری نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی کے لیے 9 مئی کے واقعات تکلیف دہ ہیں۔ اب میں چاہتی ہوں بحثیت وکیل پاکستان میں اپنا کردار ادا کرتی رہوں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مئی کی گرمی میں اڈیالہ جیل میں رہنا مشکل تھا ، جیل میں کسی سے کوئی شکایات نہیں وہاں سی کلاس دی گئی تھیں بحرحال جیل میں مشکلات تو ہوتی ہیں۔ مئی کی گرمی میں اڈیالہ جیل میں ایک دن گزاریں تو مشکلات کا اندازہ ہو
ایک اور سوال کے جواب میں ملیکہ بخاری نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت امن کی ضرورت ہے۔ آئندہ چاہتی ہوں اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاروں۔
واضح رہے کہ ملیکہ بخاری کو نقص امن کے خدشے کے تحت جیل میں رکھا گیا تھا۔ انہیں جمعرات کی شب اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp