اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم تنظیمی قدم اٹھاتے ہوئے مرکزی قیادت نے تینوں اضلاع اور حلقوں کے لیے پارلیمانی اور اپیلیٹ بورڈز تشکیل دے دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد ٹکٹوں اور امیدواروں کے انتخاب میں شفافیت، کارکنان کی مؤثر نمائندگی اور پارٹی آئین کے مطابق فیصلوں کو یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات تیسری مرتبہ ملتوی، نمائندے کیا کہتے ہیں؟
وی نیوز کے مطابق مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تینوں ڈسٹرکٹ حلقوں کے لیے ایپیلیٹ بورڈ قائم کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تینوں اضلاع اور حلقوں پر مشتمل علیحدہ علیحدہ پارلیمانی بورڈز کے قیام کے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ریجنل صدر عامر مغل اور ریجنل جنرل سیکرٹری ملک عامر علی اعوان کی مشاورت سے مرکزی جنرل سیکرٹری نے اسلام آباد کے تینوں اضلاع کے لیے مجموعی طور پر چار پارلیمانی بورڈز تشکیل دیے ہیں۔ ان بورڈز میں ڈسٹرکٹ این اے 46 کے لیے 15 رکنی جبکہ این اے 47 اور این اے 48 کے لیے 16، 16 رکنی پارلیمانی بورڈز قائم کیے گئے ہیں۔

ضلعی بورڈز کے فیصلوں کے خلاف امیدواروں کو ریویو کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ریجنل سطح پر ایک ریجنل ایپیلیٹ بورڈ بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ اس ریجنل ایپیلیٹ بورڈ کے چیئرمین عامر مغل ہوں گے، جبکہ شعیب شاہین اور سید علی بخاری ان کے ساتھ شریک چیئرمین کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
عامر مغل تینوں اضلاع اور حلقوں کے پارلیمانی بورڈز کے چیئرمین ہوں گے۔ ڈسٹرکٹ این اے 46 میں فرزند شاہ، این اے 47 میں شعیب شاہین اور این اے 48 میں سید علی بخاری کو ان کے ساتھ شریک چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ ریجنل جنرل سیکرٹری اور چیئرمین بلدیات کمیٹی ملک عامر علی اعوان تینوں اضلاع کے بورڈز کے سیکرٹری ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پھر کھٹائی میں پڑگئے، التوا کا نوٹیفکیشن جاری
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان بورڈز کی بنیادی ذمہ داری اپنے اپنے اضلاع میں ایسے کارکنان کا انتخاب کرنا ہے جو عمران خان کی قیادت میں جاری تحریک کے فعال رکن ہوں، عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوں اور حقیقی آزادی کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
اس موقع پر عامر مغل، شعیب شاہین، سید علی بخاری اور ملک عامر علی اعوان نے سلمان اکرم راجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اور پارٹی آئین کے مطابق حقیقی کارکنان پر مشتمل بورڈز کا قیام خوش آئند اقدام ہے۔ یہ پیش رفت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تنظیمی سطح پر ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔













