وینزویلا کے عوام کو آزادی دی، نئی حکومت آنے تک ملک ہم چلائیں گے، معزول صدر پر مقدمہ ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ

ہفتہ 3 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا وینزویلا کو اس وقت تک چلائے گا جب تک اقتدار کی ایک محفوظ، مناسب اور منصفانہ منتقلی ممکن نہیں ہو جاتی۔

صدر ٹرمپ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ نہیں چاہتے کہ کوئی اور آئے اور ہمیں ایک بار پھر وہی حالات دیکھنے پڑیں جو گزشتہ طویل عرصے تک رہے۔

یہ بھی پڑھیے: امریکا نے وینزویلا پر حملہ کیوں کیا؟ حملے سے متعلق اہم تفصیلات

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ضرورت پڑنے پر دوسری اور اس سے کہیں بڑی کارروائی کے لیے بھی تیار ہے لیکن اب غالباً اس کی ضرورت نہیں رہے گی۔ صدر ٹرمپ نے پیچیدہ آپریشن کامیابی سے سرانجام دینے پر امریکی افواج کو سراہا اور تصدیق کی کہ کارروائی کے دوران امریکی فورسز کو کسی قسم کا جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ آج امریکا نے وینزویلا میں فوجی کارروائی کرتے ہوئے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

صدر مادورو پر مقدمہ چلائیں گے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو ‘غیر قانونی آمر’ قرار دیتے ہوئے ان پر امریکہ میں منشیات اسمگلنگ کے ایک وسیع عالمی نیٹ ورک کا سرغنہ ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مادورو ‘ایک ایسے مجرمانہ نیٹ ورک کے مرکزی کردار تھے جو امریکا میں مہلک اور غیر قانونی منشیات کی بھاری مقدار کی اسمگلنگ کا ذمہ دار ہے۔’

یہ بھی پڑھیے: امریکا کا وینزویلا پر حملہ اور صدر مادورو کی گرفتاری، دنیا کیا ردعمل دے رہی ہے؟

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ جلد ہی امریکی قانون کے مکمل شکنجے میں ہوں گے اور ان کا مقدمہ امریکی سرزمین پر چلایا جائے گا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ اب مادورو دوبارہ نہ تو کسی امریکی شہری کو اور نہ ہی وینزویلا کے عوام کو دھمکی دے سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا، ‘وینزویلا میں آمر اور دہشت گرد مادورو کا خاتمہ ہو چکا ہے، اب لوگ آزاد ہیں۔’

وینزویلا کے تیل پر تبصرہ

صدر ٹرمپ نے یہ بھی اعلان کیا کہ امریکا کی مداخلت کے بعد وینزویلا میں تیل کی امریکی کمپنیوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وینزویلا میں تیل کا شعبہ طویل عرصے سے زبوں حالی کا شکار رہا ہے اور پیداواری صلاحیت کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر تیل نکالا جا رہا تھا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق، ‘ہماری دنیا کی سب سے بڑی امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا جائیں گی، اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی، تباہ حال تیل کے بنیادی ڈھانچے کو درست کریں گی اور ملک کے لیے آمدن پیدا کریں گی۔’

صدر ٹرمپ کی دھمکی

امریکی صدر نے کہا ہے کہ وینزویلا میں امریکی کارروائی ہر اس شخص کے لیے ایک واضح انتباہ ہے جو امریکی خودمختاری کو چیلنج کرنے یا امریکی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کرے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کپ امریکی بحری بیڑا پوری طرح تیار اور اپنی پوزیشن پر موجود ہے، اور جب تک امریکا کے مطالبات مکمل طور پر پورے اور تسلی بخش انداز میں منظور نہیں ہو جاتے، امریکہ تمام فوجی آپشنز اپنے پاس محفوظ رکھتا ہے۔

‘امریکا کہیں بھی اپنی طاقت اور ارادے کا اظہار کرسکتا ہے’

امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امریکی افواج اور صدر ٹرمپ کی قیادت کی بھرپور تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کسی بھی وقت، کہیں بھی اپنی طاقت اور ارادے کا اظہار کر سکتا ہے۔ ‘ہم آہنگی، خفیہ منصوبہ بندی، مہلک صلاحیت، غیر معمولی درستگی اور امریکی انصاف کا طویل بازو، یہ سب کچھ رات کے اندھیرے میں پوری دنیا نے دیکھ لیا۔’

پیٹ ہیگستھ نے مزید کہا، ‘2026 میں خوش آمدید، اور صدر ٹرمپ کی قیادت میں امریکا واپس آ چکا ہے۔’

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ٹی 20 ورلڈ کپ: آئی سی سی بنگلہ دیش کے میچز بھارت سے باہر منتقل کرنے پر غور کرنے لگی

وینزویلا کی صورتحال پر نظر، پاکستانی شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات جاری ہیں، دفتر خارجہ

معروف پاکستانی ٹی وی اداکار آغا شیراز کو دل کا دورہ، حالت اب کیسی ہے؟

لکی مروت میں پولیس کا کامیاب آپریشن، 3 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

سام سنگ گلیکسی واچ اب ڈیمنشیا کی ابتدائی علامات کی نشاندہی کرے گی

ویڈیو

کراچی میں میرا تھن ریس کا انعقاد، عوام کی بھرپور شرکت

آنکھوں کے بغیر پڑھنے کا ہنر: بریل سسٹم کیسے نابینا افراد کو سکھاتا ہے؟

لیاری کی تنگ گلیوں سے جدید ٹیکنالوجی کی دنیا تک، فلم اور حقیقت میں واضح فرق

کالم / تجزیہ

جنریشن زی سوال ہی تو نہیں اٹھاتی

100 ارب سپر کمپیوٹرز کے برابر انسانی ذہن کے ارتقا، استعمال اور مغالطوں کا احوال

دوسرا دن