امریکی حملوں کے بعد گرفتار کیے جانے والے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو سخت سیکیورٹی میں نیویارک منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں عدالت میں پیش کیے جانے اور سنگین الزامات کے تحت مقدمے کا سامنا کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:وینزویلا کے عوام کو آزادی دی، نئی حکومت آنے تک ملک ہم چلائیں گے، معزول صدر پر مقدمہ ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وینزویلا میں حالیہ امریکی کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے صدر نکولس مادورو کو طیارے کے ذریعے نیویارک پہنچایا گیا۔ نیویارک آمد کے بعد انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے مین ہٹن منتقل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق نکولس مادورو کو بروکلین کے ایک حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے، جہاں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مادورو کو جلد نیویارک کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

عدالتی کارروائی کے دوران وینزویلا کے صدر پر منشیات اسمگلنگ اور دہشت گردی سے متعلق الزامات کے تحت مقدمہ چلائے جانے کا امکان ہے، جو امریکی عدالتی نظام میں ایک غیر معمولی پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد کی تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کی، جس کے بعد یہ معاملہ عالمی سطح پر مزید توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔












