بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ ان کی قومی ٹیم آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت کا دورہ نہیں کرے گی۔
بی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہنگامی میٹنگ آج دوپہر ہوئی، جس میں بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں اور صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:آئی پی ایل سےمستفیض الرحمان کا اخراج،بنگلہ دیش کا ٹورنامنٹ نشریات نہ دکھانے پر غور
اعلامیے میں کہا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد بورڈ آف گورنرز نے یہ فیصلہ کیا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔

بی سی بی نے اس فیصلے سے آئی سی سی کو باضابطہ آگاہ کر دیا ہے اور توقع ہے کہ آئی سی سی جلد اس معاملے پر موقف ظاہر کرے گا۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے کھیل کے مشیر نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ یہ اقدام بھارتی کرکٹ بورڈ کی جارحانہ اور فرقہ وارانہ پالیسیوں کے پیش نظر کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی انتہا پسندوں کے دباؤ میں آئی پی ایل سے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ریلیز کرنا اس کشیدگی کا سبب بنا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی بی آئی سی سی سے درخواست کرے گا کہ اپنے میچز سری لنکا میں منتقل کیے جائیں۔ موجودہ شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کے 4 میچز بھارت میں طے تھے، جن میں 3 کلکتہ اور ایک ممبئی میں ہونا تھا۔

بنگلہ دیش اسکواڈ کا اعلان
ادھر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ بھی جاری کر دیا ہے، جس میں لٹن کمار داس ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ سیف حسن نائب کپتان ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی کرکٹ بورڈ کا متعصبانہ فیصلہ، بنگلہ دیشی کھلاڑی کو آئی پی ایل سے باہر کر دیا گیا
بنگلادیش کے ساتھ گروپ میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیپال اور اٹلی کی ٹیمیں شامل ہیں۔ بنگلادیش اپنا پہلا میچ 7 فروری کو کلکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔














