زندگی گزارنے کے لیے پاکستان ’دنیا کا سستا ترین ملک‘ قرار

جمعہ 26 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں تیزی سے بڑھتی مہنگائی نے وطن عزیز کے مکینوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ ایسے میں ایک خلاف توقع اطلاع سامنے آئی ہے کہ زندگی گزارنے کے لیے پاکستان دنیا کا سستا ترین ملک ہے۔

ٹوئٹر پر مختلف اعدادوشمار شیئر کرنے والے اکاؤنٹ ’ورلڈ آف اسٹیٹسٹکس‘ نے 139 ملکوں کی فہرست شیئر کی جس میں پاکستان کو سرفہرست رکھا گیا۔

سستے ملکوں کی فہرست میں ٹاپ ٹین ملکوں میں جنوبی ایشیا کے چار ملک شامل ہیں۔

مصر دوسرے، انڈیا تیسرے، کولمبیا چوتھے، لیبیا پانچویں، ، نیپال چھٹے، سری لنکا ساتویں، جنگ زدہ یوکرین آٹھویں، کرغیزستان نویں اور طویل عرصے سے خانہ جنگی کا شکار شام دسویں نمبر پر رہا۔

سستے ترین ملکوں کی فہرست شائع کرنے والے ٹوئٹر ہینڈل کی جانب سے ڈیٹا کا ذریعہ اور اس کی تاریخ سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا تاہم اس پر تبصرہ کرنے والے صارفین نے خیال ظاہر کیا کہ یہ 2023 کا ڈیٹا ہے۔

معاملے پر جاری گفتگو سے یہ بھی واضح ہوتا ہے فہرست میں زندگی گزارنے کے لیے درکار اخراجات کی بنیاد پر ملکوں کی درجہ بندی کی گئی ہے۔

ایک اور ادارے گلوبل انڈیکس نے اسی سے ملتے جلتے موضوع پر ٹویٹ کی تو زندگی گزارنے کے لیے دنیا کے مہنگے ترین ملکوں کی فہرست دی۔

اس فہرست میں برمودا پہلے، سوئٹزرلینڈ دوسرے، کیمین جزائر تیسرے، بہاماس چوتھے، بارباڈوس پانچویں، ناروے چھٹے، سنگاپور ساتویں نمبر پر رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp