وزیرِخارجہ اسحاق ڈار نے حقِ خود ارادیت کے دن کے موقع پر ایک بیان میں بھارتی غیرقانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل اور غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
اپنے پیغام میں نائب وزیرِاعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوامِ متحدہ کے کمیشن برائے بھارت و پاکستان کی اُس تاریخی قرارداد کی یاد دلاتا ہے، جس میں کشمیری عوام کے لیے آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کی ضمانت دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
انہوں نے مزید کہا کہ یہ عہد اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں اور جنرل اسمبلی کی توثیق کے ذریعے باقاعدہ طور پر محفوظ کیا گیا ہے۔
اسحاق ڈار نے بین الاقوامی قانون کے تحت حقِ خود ارادیت کو ایک بنیادی اصول قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے کشمیری عوام کو اس حق سے محروم رکھا ہوا ہے۔
🔊PR No.0️⃣9️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Right to Self-Determination Day , 5 January 2026: Message from the Deputy Prime Minister/Foreign Minister of Pakistanhttps://t.co/I6aB946DDS
🔗⬇️ pic.twitter.com/7JzaW1tlYF— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) January 5, 2026
انہوں نے 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات اور آبادیاتی تبدیلی کے اقدامات کو مقبوضہ علاقے میں غیر قانونی قبضے کو مضبوط کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔
نائب وزیرِاعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کی دہائیوں پر محیط جدوجہد اور قربانیوں کے باوجود وہ اپنے حقِ خود ارادیت کے حصول میں ثابت قدم ہیں اور پاکستان ان کی غیرمتزلزل جرات، استقامت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: یومِ شہدائے کشمیر: شہباز شریف کا حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کا عزم
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کے حصول تک انہیں اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
اسحاق ڈار نے بین الاقوامی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ، سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دیرینہ عہد کے مطابق کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہوں اور جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ اور پر امن حل کو یقینی بنائیں۔













