سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے خلاف ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد میں جعلسازی، دھوکا دہی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: کرپشن الزامات: سابق نائب تحصیلدار نجف حمید جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
ایف آئی آر کے مطابق نجف حمید، جو اس وقت حلقہ پٹواری اسلام آباد تعینات تھے، نے ریونیو افسر عبدالظہور اور خالد منیر کے ساتھ مل کر جعلی دستاویزات کے ذریعے ایک کنال قیمتی سرکاری و نجی اراضی بوگس انتقال کے ذریعے منتقل کی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق اسلام آباد پٹوار سرکل میں اراضی ریکارڈ کی جانچ کے دوران جعلسازی کا انکشاف ہوا۔ ملزمان نے جعلی رجسٹری اور بوگس انتقالات کے ذریعے ایک کنال زمین کی ملکیت تبدیل کی، تاہم کاغذات میں صرف 10 مرلے کی منتقلی ظاہر کی گئی۔
مزید پڑھیں: سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے گھر سے ایک کروڑ 7 لاکھ روپے کی چوری
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ زمین کی فردِ ملکیت اور سرکاری ریکارڈ میں یہ جعلسازی 2009 اور 2010 کے دوران کی گئی۔ مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور دیگر ممکنہ کرداروں کے تعین کے لیے ریکارڈ کی جانچ جاری ہے۔














