بالی وڈ اداکار سیف علی خان کی چھوٹی بہن اداکارہ سوہا علی خان نے اپنے مرحوم والد اور سابق بھارتی کرکٹ کپتان منصور علی خان پٹودی کی سالگرہ کے موقع پر جذباتی پیغام شیئر کیا ہے، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ منصور علی خان پٹودی اگر حیات ہوتے تو پیر 5 جنوری 2026 کو 85 برس کے ہو جاتے۔
یہ بھی پڑھیں: ارب پتی خاندان سے تعلق کے باوجود سوہا علی خان نے کرائے کے مکان میں زندگی کیوں گزاری؟
سوہا علی خان نے انسٹاگرام پر ایڈن گارڈنز کی تصاویر کے ساتھ لکھا کہ وہ اپنے والد کی سالگرہ پر اس مقام پر کھڑی ہونا چاہتی تھیں جہاں کرکٹ آج بھی انہیں یاد کرتی ہے۔ ان کے مطابق ایڈن گارڈنز آج خالی ضرور ہے مگر منصور علی خان پٹودی کے لیے کبھی خاموش نہیں ہوتا۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ یہ وہ میدان ہے جہاں ان کے والد نے بھارت کی قیادت کی اور خاص طور پر دسمبر 1974 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میچ یادگار رہا۔ اس میچ میں اینڈی رابرٹس کی گیند چہرے پر لگنے سے ان کی گال کی ہڈی فریکچر ہوگئی تھی، وہ زخمی حالت میں میدان سے باہر گئے مگر دوبارہ واپس آ کر ٹیم کی قیادت کی اور بھارت کو 85 رنز سے شاندار فتح دلائی۔
یہ بھی پڑھیں: کیا سیف علی خان پٹودی محل کو میوزیم میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں؟
سوہا علی خان کے مطابق ایڈن گارڈنز کا وہ ٹیسٹ میچ بھارتی کرکٹ کی تاریخ کی عظیم ترین فتوحات میں شمار ہوتا ہے جو حوصلے اور جرات مندانہ قیادت کی مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم آج بھی کرکٹر منصور علی خان پٹودی کو یاد کرتا ہے جبکہ وہ اپنے والد کو یاد کرتی ہیں، اور دونوں کی یادیں اسی میدان سے جڑی ہیں۔
واضح رہے کہ منصور علی خان پٹودی، جو ٹائیگر پٹودی کے نام سے بھی جانے جاتے تھے، 70 برس کی عمر میں سانس کی بیماری کے باعث انتقال کر گئے تھے۔














