مدھیہ پردیش کے ضلع اندور میں پولیس نے ایسا اسمگلنگ کیس بے نقاب کیا جو بالکل فلم ’پشپا‘ کی کہانی کی طرح تھا۔ پنجاب کے ایک اسمگلر کو گرفتار کیا گیا جس نے اپنے ٹرک کے نیچے جعلی ڈیزل ٹینک بنا کر منشیات کو ریاستی سرحد پار لیجانے کی کوشش کی تھی۔
پولیس کے مطابق انہیں پہلے سے مخصوص اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ایک ٹرک میں بڑی مقدار میں منشیات چھپی ہوئی ہے اور وہ مدھیہ پردیش سے پنجاب جا رہی ہے۔ فوری کارروائی کے بعد پولیس ٹیموں نے راستے میں روک کر ٹرک کو پکڑ لیا۔
مزید پڑھیں: پشپا 2 کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ کیس، سپر اسٹار الو ارجن چارج شیٹ میں نامزد
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرک کے نیچے جعلی ڈیزل ٹینک بنایا گیا تھا جو مکمل طور پر اصلی ٹینک کی طرح نظر آتا تھا لیکن دراصل ایک خالی خانہ تھا جس میں منشیات چھپی ہوئی تھیں۔
ٹینک کھولنے پر پولیس نے 87 کلوگرام چرس برآمد کی۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس کرشن لال چندانی کے مطابق برآمد شدہ منشیات کی مارکیٹ ویلیو قریباً 25 لاکھ روپے ہے۔ ٹینک بہت چالاکی سے تیار کیا گیا تھا۔ باہر سے یہ عام ڈیزل ٹینک لگتا تھا، کوئی شک بھی نہ کرتا کہ اس میں منشیات چھپی ہیں۔
گرفتار ٹرک ڈرائیور کی شناخت بوٹا سنگھ کے طور پر ہوئی جو پنجاب کے ضلع جالندھر کا رہائشی ہے۔ تفتیش کے دوران اس نے اعتراف کیا کہ یہ کنسائمنٹ مدھیہ پردیش کے اگڑ ضلع سے پنجاب لے جایا جا رہا تھا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم پہلے بھی 2016 میں NDPS ایکٹ کے تحت منشیات اسمگلنگ کے معاملے میں ملوث رہا ہے۔
مزید پڑھیں: پشپا2 ریلیز کے چند گھنٹوں بعد ہی آن لائن لیک کیسے ہوئی؟
پولیس اب اس کارروائی کے پیچھے بڑے نیٹ ورک کی تحقیقات کر رہی ہے، جس میں منشیات فراہم کرنے والے، مالی معاونت کرنے والے اور پنجاب میں وصول کنندگان شامل ہیں۔ اعلیٰ پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری صرف برف کی چوٹی ہے۔ ہم اب سپلائرز، درمیانی افراد اور وصول کنندگان کا پورا سلسلہ ٹریک کر رہے ہیں۔














