سردیوں کے موسم میں وزن بڑھ جانا ایک عام مسئلہ بن جاتا ہے، جس پر قابو پانے کے لیے لوگ ورزش، یوگا اور مختلف ڈائٹس آزماتے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق متوازن غذا کے ساتھ صحت بخش ڈیٹاکس مشروبات وزن کم کرنے کے عمل کو مؤثر بنا سکتے ہیں۔ انہی میں ایک سادہ مگر مفید ہربل مشروب ہلدی اور کالی مرچ کی چائے ہے، جو اضافی کلو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سلمنگ انجیکشن چھوڑنے والوں کا وزن کتنے عرصے میں دوبارہ پہلے جتنا ہوجاتا ہے؟
ماہرینِ غذائیت کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے کے لیے سب سے اہم چیز صحت مند غذا اور درست معمول ہے، جبکہ ڈیٹاکس ڈرنکس میٹابولزم کو تیز کرنے اور جسم سے فاضل مادّوں کے اخراج میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ہلدی اور کالی مرچ کی چائے کو بھی ایک مؤثر ڈیٹاکس مشروب سمجھا جاتا ہے جو وزن گھٹانے کے ساتھ مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرتی ہے۔

ہلدی میں موجود قدرتی اجزا جیسے فائبر، پروٹین اور دیگر غذائی عناصر ہاضمے کو بہتر بناتے اور میٹابولزم کو فعال رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہلدی میں اینٹی انفلیمیٹری، اینٹی آکسیڈنٹ اور جراثیم کش خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں، جو جسم سے زہریلے مادّوں کے اخراج میں مدد دے کر وزن کم کرنے کے عمل کو تیز کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزن کم کرنے کے لیے نئی مؤثر گولی آگئی، ایف ڈی اے منظوری رواں سال متوقع
دوسری جانب کالی مرچ میں پایا جانے والا جزو پائپرین نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا اور جسم میں چربی کے جمع ہونے کو کم کرنے میں معاون ہوتا ہے، جبکہ غذائی اجزا کے بہتر جذب میں بھی مدد دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ہلدی اور کالی مرچ کی چائے بنانا نہایت آسان ہے۔ ایک کپ پانی ابال کر اس میں ایک چائے کا چمچ ہلدی پاؤڈر اور ایک چائے کا چمچ کالی مرچ شامل کریں، چند منٹ دم آنے دیں اور بعد ازاں چھان کر پی لیں۔ ذائقے اور سردیوں میں جسم کو گرم رکھنے کے لیے اس میں تھوڑا سا شہد بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ یہ چائے عموماً صبح کے وقت پینا زیادہ مفید سمجھا جاتا ہے۔

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ ہربل چائے وزن کم کرنے اور قوتِ مدافعت بڑھانے میں مدد دے سکتی ہے، تاہم کسی بھی ڈیٹاکس مشروب کو باقاعدہ معمول کا حصہ بنانے سے پہلے ماہرِ غذائیت یا ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے تاکہ صحت پر کسی منفی اثر سے بچا جا سکے۔














