پاور بینک نے چین سے جنوبی کوریا جانے والی پرواز کے مسافروں کو اسپتال پہنچادیا

ہفتہ 10 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین سے جنوبی کوریا جانے والی پرواز میں پاور بینک میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد 8 افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ ہفتے کی صبح 10 جنوری کو پیش آیا جب ٹی وے ایئر کی پرواز TW634 چین کے صوبہ ہینان کے شہر سانیا سے جنوبی کوریا کے شہر چیونگ جو روانہ ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایمریٹس نے اپنی پروازوں میں پاور بینک ساتھ رکھنے کی پابندی کیوں لگائی؟

پرواز صبح تقریباً 2.10 بجے روانہ ہوئی، جس میں 6 کریو ممبرز اور 32 مسافر سوار تھے۔ دورانِ پرواز کیبن کے اگلے حصے میں بیٹھے ایک مسافر کے کیری آن بیگ سے اچانک دھواں اٹھنا شروع ہوا، جس کی وجہ ایک پورٹیبل پاور بینک میں آگ لگنا بتایا گیا۔

ایئرلائن کے مطابق کیبن کریو نے فوری طور پر پاور بینک کو بیگ سے نکالا اور ہنگامی حفاظتی طریقہ کار کے تحت اسے پانی میں ڈال دیا، جس سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ پرواز بحفاظت چیونگ جو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صبح 6.37 بجے لینڈ کر گئی، جو مقررہ وقت سے تقریباً 40 منٹ پہلے تھی۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں پاور بینکس کے ساتھ فضائی سفر پر پابندی کیوں لگائی گئی؟

لینڈنگ کے بعد دھواں سانس میں جانے کے باعث 8 افراد، جن میں 5 مسافر اور 3 فلائٹ اٹینڈنٹس شامل تھے، قریبی اسپتال منتقل کیے گئے۔ بعد ازاں تمام متاثرہ افراد کو طبی معائنے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا اور وہ اپنے گھروں کو واپس روانہ ہو گئے۔

جنوبی کوریا کی وزارتِ لینڈ، انفراسٹرکچر اینڈ ٹرانسپورٹ نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ حکام کے مطابق پاور بینک کی گنجائش اور کیری آن سامان سے متعلق قواعد کی پاسداری کا جائزہ لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا آپ کا پاور بینک جعلی ہے؟ ان علامات سے پتہ چلائیں

واضح رہے کہ عالمی قوانین کے تحت یکم مارچ 2025 سے پاور بینکس کو کیبن کے اوور ہیڈ کمپارٹمنٹ میں رکھنے کی اجازت نہیں ہے اور ان پر سخت ضوابط لاگو ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp