کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں علاقہ مکینوں کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک فلیٹ سے زنجیروں میں جکڑی ہوئی خاتون کو بازیاب کرالیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا تعلق شیریں جناح کالونی سے ہے، جسے عمارت کی تیسری منزل پر واقع ایک کمرے میں زنجیروں سے باندھ کر قید کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: بھارت میں جنگل سے زنجیروں میں جکڑی امریکی خاتون برآمد
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اس کے سابق شوہر نے بچوں کے خرچ کے حوالے سے بات کرنے کے بہانے اسے فلیٹ میں بلایا اور پھر زنجیروں سے باندھ کر فرار ہو گیا۔
#karachilady
کراچی ڈیفنس فیز 5 سے زنجیروں میں جکڑی خاتون کو بازیاب کرالیا گیا، پولیس نے رہائشی عمارت کی تیسری منزل پر گھر کا دروازہ توڑا، خاتون زنجیروں سے بندھی ہوئی ملی، سابق شوہر نے بچوں کا خرچہ دینے کے بہانے گھر بلایا تھا،زنجیروں سے باندھا اور فرار ہوگیا pic.twitter.com/hKREpolZC6— Umar Sidique (@umar_938sadeeq) January 10, 2026
متاثرہ خاتون کے مطابق اس کے 3 بچے ہیں اور شوہر سے علیحدگی کا معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے، جبکہ بچوں کی کفالت سے متعلق معاملہ فریقین نے عدالت سے باہر طے کیا تھا۔
مزید پڑھیں: وفاقی وزیر داخلہ کا تاریخی قلعے کا دورہ اور زنجیروں میں جکڑے دروازوں میں دلچسپی
خاتون نے مزید بتایا کہ اس کی اپنے شوہر سے علیحدگی ہو چکی تھی، تاہم شوہر نے ایک ساتھی کی مدد سے اسے قید کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع پڑوسیوں نے دی، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ مرکزی ملزم لطیف اور اس کے ساتھی امان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔













