ایران میں کشیدہ صورت حال کے دوران وہاں موجود پاکستانیوں کو کیا کرنا چاہیے؟ سفارتکار نے اہم ہدایات جاری کردیں

اتوار 11 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے وہاں مقیم پاکستانی شہریوں کو وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر مکمل طور پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں پاکستانی سفیر نے کہاکہ موجودہ صورتحال کے باعث شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور ہر وقت پاکستانی سفارتخانے سے رابطے میں رہیں۔

مزید پڑھیں: ایران امریکا سے معاہدہ کرنے کے لیے ’بے تاب‘ ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

ان کا کہنا تھا کہ ایران میں وائی فائی سروس معطل ہے جبکہ ٹیلی فون سسٹم بھی جزوی طور پر متاثر ہوا ہے۔

مدثر ٹیپو نے واضح کیاکہ اس کے باوجود ایرانی شہروں میں قائم پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹس کی لینڈ لائن سروس فعال ہے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں پاکستانی شہری ان نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بذریعہ سڑک وطن واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کو ہدایت کی کہ سرحدی گزرگاہ بند ہونے سے کم از کم چار گھنٹے قبل بارڈر پر پہنچنا یقینی بنائیں۔

سفیر پاکستان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ واپسی کے وقت پاسپورٹ پر امیگریشن اسٹیمپ لگوانا لازمی ہے تاکہ بعد میں کسی قانونی پیچیدگی کا سامنا نہ ہو۔

طلبہ کے حوالے سے مدثر ٹیپو نے کہاکہ پاکستان واپسی کے خواہشمند طلبہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق روانگی اختیار کریں اور اپنی متعلقہ یونیورسٹی سے کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔

سفیر پاکستان کے مطابق سفارتخانہ ایرانی بارڈر حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ پاکستانی شہریوں اور طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ ہرمزگان یونیورسٹی کے 72 پاکستانی طلبہ آج پاکستان روانہ ہو چکے ہیں جبکہ زنجان یونیورسٹی کے طلبہ کی واپسی کا عمل تاحال جاری ہے۔

سفیر نے مزید کہا کہ ہرمزگان یونیورسٹی کے طلبہ کو سفارتخانے کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ایران میں احتجاجی مظاہرے جاری: امریکا اور اسرائیل فسادات کرا رہے ہیں، عوام دور رہیں، صدر مسعود پزشکیان

واضح رہے کہ ایران میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، اور اب تک قریباً 200 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران میں ہونے والی افراتفری کے پیچھے امریکا اور اسرائیل کا ہاتھ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp