امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایلون مسک کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس اسٹارلنک ایران میں انٹرنیٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جہاز پر اسٹار لنک فری وائی فائی کی سروس شروع، کتنا تیز انٹرنیٹ میسر ہوگا؟
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایران میں جاری انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کے تناظر میں ایلون مسک سے اس معاملے پر بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ ایرانی عوام بالخصوص حکومت مخالف مظاہرین کو انٹرنیٹ سہولت فراہم کی جا سکے۔
صدر ٹرمپ نے اتوار 11 جنوری کو بتایا کہ وہ دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک سے ایرانی عوام کے لیے انٹرنیٹ کی فراہمی پر گفتگو کریں گے۔
جب صحافیوں نے امریکی صدر سے سوال کیا کہ آیا وہ مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے ذریعے ایران میں انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے پر غور کریں گے تو ٹرمپ نے کہ وہ اس طرح کے کام میں بہت ماہر ہیں ان کی ایک بہترین کمپنی ہے۔
ایران میں گزشتہ جمعرات سے انٹرنیٹ کی فراہمی شدید متاثر ہے۔ یہ بلیک آؤٹ سنہ 2022 کے بعد سے حکومت کے خلاف ہونے والے سب سے بڑے مظاہروں کے دوران سامنے آیا ہے۔
ایلون مسک اور ڈونلڈ ٹرمپ کے تعلقات ماضی میں اتار چڑھاؤ کا شکار رہے ہیں۔ مسک نے ٹرمپ کی صدارتی مہم کی مالی مدد کی تھی جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ میں وفاقی حکومت کے اخراجات میں بڑی کٹوتیاں کی گئیں۔
مزید پڑھیے: اسپیس ایکس کا ایک اور کامیاب مشن، 29 اسٹار لنک سیٹلائٹس خلا میں روانہ
تاحال اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے امریکی صدر کے حالیہ بیان پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ تاہم یہ بات قابل ذکر ہے کہ سنہ 2022 میں بھی ایلون مسک ایرانی عوام کو حکومتی پابندیوں سے بچنے میں مدد دینے کے لیے اسٹارلنک فراہم کرنے کی حمایت کر چکے ہیں۔
سنہ2022 میں، مہسا امینی کی پولیس حراست میں ہلاکت کے بعد ایران بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے تھے جس کے بعد اس وقت کی بائیڈن انتظامیہ نے بھی ایران میں اسٹارلنک کی فراہمی کے لیے ایلون مسک سے رابطہ کیا تھا۔
اسٹارلنک سروس اس سے قبل بھی تنازعات اور بدامنی کا شکار علاقوں میں استعمال ہو چکی ہے جن میں یوکرین بھی شامل ہے جہاں سنہ 2022 میں ایک اہم فوجی کارروائی کے دوران مسک نے عارضی طور پر اسٹارلنک سروس بند کرنے کا حکم دیا تھا۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں اسٹار لنک کی سروسز شروع ہونے میں کتنا وقت درکار ہے؟
ایران میں موجودہ احتجاج 28 دسمبر کو مہنگائی میں اضافے کے خلاف شروع ہوا۔














